آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے باقاعدہ آغاز میں تین روز سے بھی کم وقت رہ گیا ہے تو ایسے میں پاکستان کی خاموشی سے آئی سی سی کا تناؤ بھی بڑھنے لگا ہے۔
ذرائع کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے حکام کو پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے بھارتی میچ کے بائیکاٹ سے متعلق آفیشل کمیونی کیشن کا انتظار ہے تاہم پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومتی اعلان کے بعد ہماری جانب سے بات دوہرانے کا کوئی جواز نہیں ہے۔
پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت نے بھی چیمپئنز ٹرافی کیلئے پاکستان آنے کی اجازت نہ ملنے کا حکومتی خط کونسل میٹنگ میں پیش نہیں کیا تھا۔
دوسری جانب عالمی گورننگ باڈی نے معاملے کا جائزہ لینے کیلئے فوری طور پر میٹنگ بلانے کا ارادہ ملتوی کردیا ہے، اس معاملے کو پس پردہ حل کرنے کی کوششوں کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جا سکتا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق فیصلے سے پریشان کرکٹ کی عالمی گورننگ باڈی پاکستان کو منانے کیلئے راستے تلاش کرنے لگی ہے۔
میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے معاملے پر پاکستان سے پس پردہ بات چیت کریگا اور اس کیلئے ڈپٹی چیئرمین عمران خواجہ کو ذمہ داری سونپ دی ہے ۔




