پاکستان کے قومی کرکٹ ٹیم کے اوپنر صائم ایوب نے مینز ٹی ٹوئنٹی آل رانڈر رینکنگ میں ایک بار پھر پہلی پوزیشن حاصل کرلی ہے۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے جاری تازہ رینکنگ کے مطابق 23 سالہ صائم ایوب نے آسٹریلیا کیخلاف شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے زمبابوے کے تجربہ کار کھلاڑی سکندر رضا کو پیچھے چھوڑ دیا۔
صائم ایوب نے آسٹریلیا کیخلاف سیریز میں 119رنز سکور کئے اور تین وکٹیں حاصل کیں، پاکستان کے دیگر کھلاڑیوں کو بھی تازہ رینکنگ میں فائدہ ہوا ہے، سپنر ابرار احمد دو درجے بہتری کے بعد ٹی ٹوئنٹی بولرز کی فہرست میں دوسرے نمبر پر آ گئے ہیں اور وہ پہلی پوزیشن سے صرف 28ریٹنگ پوائنٹس پیچھے ہیں، محمد نواز نے بھی پانچ وکٹیں لینے کے بعد آٹھ درجے ترقی پا کر بولرز کی فہرست میں ساتویں پوزیشن حاصل کرلی جبکہ آل رانڈرز کی فہرست میں بھی ایک درجے ترقی سے چوتھی پوزیشن پر آگئے۔
شاہین شاہ آفریدی بھی پانچ درجے ترقی سے انیسویں پوزیشن پر آگئے ہیں۔
بیٹنگ رینکنگ میں صائم ایوب اور کپتان سلمان علی آغا نے نمایاں ترقی کی ہے، صائم ایوب آٹھ درجے ترقی سے ستائیسویں اور سلمان علی آغا بارہ درجے ترقی سے انتیسویں پوزیشن پر آگئے ہیں تاہم صاحبزادہ آسٹریلیا کیخلاف خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے اور دو درجے تنزلی سے ساتویں پوزیشن پر آگئے۔




