امریکی موسیقی کے لیجنڈ مائیکل جیکسن کی زندگی پر بننے والی فلم مائیکل کا پہلا ٹریلر منظرعام پر آتے ہی سوشل میڈیا اور فلمی حلقوں میں موضوعِ بحث بن گیا ہے۔
ٹریلر دیکھنے کے بعد مداحوں نے پرجوش ردِعمل دیتے ہوئے توقع ظاہر کی ہے کہ یہ بایوپک پاپ کنگ کے کیریئر کو شاندار انداز میں پیش کریگی، فلم 14اپریل کو سنیما گھروں میں ریلیز کی جائیگی۔
فلمسازوں کے مطابق اس منصوبے میں مائیکل جیکسن کی زندگی کے مختلف ادوار کو یکجا کیا گیا ہے جن میں انکا موسیقی کا سفر، شہرت کی بلندیوں تک پہنچنے کی کہانی اور پیشہ ورانہ سطح پر درپیش مشکلات شامل ہیں تاہم بایوپک میں ان تنازعات اور الزامات کو مرکزی حصہ نہیں بنایا گیا جو برسوں تک انکے گرد گھومتے رہے بلکہ زیادہ توجہ ان کی فنکارانہ جدوجہد اور کیریئر کے نشیب و فراز پر رکھی گئی ہے۔
فلم میں مائیکل جیکسن کا کردار انکے حقیقی بھتیجے جیفر جیکسن ادا کر رہے ہیں جو اس کے ذریعے اپنی پہلی بڑی فلم میں جلوہ گر ہونگے۔
ٹریلر میں انہیں گلوکار کے مخصوص انداز میں چلتے، گفتگو کرتے، گاتے اور مشہورِ زمانہ مون واک کرتے دکھایا گیا ہے، انکی آواز کی نرمی اور رقص کی درستگی نے کئی ناظرین کو متاثر کیا تاہم کچھ افراد نے رائے دی کہ میک اپ کے ذریعے انہیں مرحوم گلوکار سے مزید مشابہ بنایا جا سکتا تھا۔
ٹریلر کے چند مناظر میں کم عمر مائیکل جیکسن کو ایک پروڈیوسر کی ہدایت پر گاتے ہوئے دکھایا گیا ہے جبکہ مختصر دورانیہ کے باوجود اس میں انکے منفرد ڈانس مووز اورسٹیج پر چھا جانیوالی توانائی کی جھلک بھی شامل کی گئی ہے۔
مجموعی طور پر ٹریلر نے مداحوں کے تجسس کو بڑھا دیا ہے اور اب سب کی نظریں اپریل میں ہونیوالی فلم کی ریلیز پر مرکوز ہیں۔




