پنجاب بھر کی جیلوں میں 3ہزار 873 قیدیوں کے منشیات استعمال کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔
محکمہ جیل خانہ جات پنجاب کی جانب سے لاہور ہائیکورٹ میں جمع کروائی گئی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 2025 میں پنجاب کی جیلوں میں 10ہزار 166 منشیات کے ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے 6ہزار 293قیدیوں کے ٹیسٹ منفی جبکہ 3ہزار 873قیدیوں کے منشیات استعمال کرنے کا انکشاف ہوا۔
رپورٹ کے مطابق ہائیکورٹ کے حکم پر جیلوں میں منشیات کے عادی قیدیوں کی سکریننگ کا نظام نافذ کردیا گیا ہے ہر جیل میں منشیات کے عادی قیدیوں کیلئے الگ بلاک قائم کیا گیا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جیلوں میں منشیات سمگلنگ روکنے کیلئے باڈی سکینرز لگانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے، قیدیوں کی سماجی بحالی کیلئے ہیلتھ اور سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کو ذمے داری سونپنے کی سفارش بھی کی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق صوبے کی جیلوں میں کل قیدیوں کی تعداد 70ہزار 739 ہے جن میں سے 72 فیصد قیدیوں کے مقدمات زیر سماعت ہیں، روزانہ اوسطا 7 ہزار 500قیدیوں کو عدالتوں میں پیش کیا جاتا ہے۔




