پاکستان ٹیکسٹائل کونسل (پی ٹی سی) نے وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان کی برآمدات دوست پالیسیوں کو سراہتے ہوئے ان پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے۔
پی ٹی سی نے وزیراعظم کی جانب سے ٹاپ ایکسپورٹرز کو اعزاز دینے کے اقدام کو برآمدی شعبے پر اعتماد کا واضح اظہار قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدام حکومت کی برآمدات بڑھانے اور صنعت کو سہارا دینے کی سنجیدہ کوششوں کا حصہ ہے۔
چیئرمین کونسل فواد انور نے کہا ہے کہ مشکل معاشی حالات میں حکومت کا ایکسپورٹس کو مارکیٹ بیسڈ سپورٹ فراہم کرنا ایک دانشمندانہ فیصلہ ہے، وزیراعظم کی قیادت میں برآمدی صنعت کیلئے مالی دباؤ کم کرنے کے موثر اقدامات کئے گئے ہیں۔
فواد انور نے ایکسپورٹ ری فنانس فیسلٹی میں کمی کو حکومت اور سٹیٹ بینک کے درمیان بہترین پالیسی ہم آہنگی کا نتیجہ قرار دیا، انہوں نے صنعتی بجلی ٹیرف میں کراس سبسڈی کے خاتمے پر بھی وزیراعظم اور حکومت کو خراج تحسین پیش کیا۔
چیئرمین پی ٹی سی نے وزیر تجارت جام کمال خان کی قیادت میں برآمدی شعبے کو عملی سہولت کاری فراہم کرنے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کی یہ پالیسیاں پاکستان کی برآمدات میں اضافے کا باعث بنیں گی۔
انہوں نے بھارت اور یورپی یونین کے ممکنہ معاہدہ کے حوالے سے کہا کہ خوف کے بجائے پاکستان کو اپنی مسابقتی صلاحیت کے ساتھ آگے بڑھنے کی ضرورت ہے، پاکستان ٹیکسٹائل کونسل نے حکومت کیساتھ ملکر پائیدار برآمدی ترقی اور زرمبادلہ میں اضافے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔




