بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ میں پیر کے روز حکومتی اہلکاروں کے لئے ابتدائی چینی زبان کا 15 ہفتوں پر مشتمل تربیتی پروگرام شروع ہو گیا ہے۔
یہ پروگرام بنگلہ دیش انویسٹمنٹ ڈیولپمنٹ اتھارٹی (بی آئی ڈی اے) اور ملک کی معروف نجی یونیورسٹی نارتھ ساؤتھ یونیورسٹی کے کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ کے اشتراک سے ترتیب دیا گیا ہے۔ تربیتی پروگرام کا مقصد سرکاری اہلکاروں کی چینی سرمایہ کاروں کے ساتھ مؤثر رابطے کی صلاحیت بڑھانا ہے۔
بنگلہ دیش انویسٹمنٹ ڈیولپمنٹ اتھارٹی، بنگلہ دیش اکنامک زون اتھارٹی اور بنگلہ دیش ایکسپورٹ پروسیسنگ زون اتھارٹی کے مجموعی طور پر38 اہلکار اس پروگرام میں حصہ لے رہے ہیں۔
پروگرام کی افتتاحی تقریب پیر کے روز ڈھاکہ میں منعقد ہوئی جس کی صدارت بنگلہ دیش انویسٹمنٹ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے ایگزیکٹو رکن محمد ہمایوں کبیر نے کی۔ تقریب کے دوران ایک دستاویزی ویڈیو بھی دکھائی گئی جس میں بنگلہ دیش اور چین کے درمیان تعاون کی کامیابیاں اور پیش رفت واضح کی گئی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بنگلہ دیش میں چینی سفارت خانے کے ثقافتی مشیر لی شاؤ پینگ نے کہا کہ بنگلہ دیش اور چین کے تعلقات دیرینہ، دوستانہ اور کثیر جہتی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ زبان کی تعلیم اس تعلق کو مزید گہرا کرے گی اور مستقبل میں تعاون کے نئے راستے کھولے گی۔
اپنی تقریر میں ہمایوں کبیر نے کہا کہ بنگلہ دیش اور چین کے درمیان تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات مسلسل فروغ پا رہے ہیں۔
اسی پس منظر میں انہوں نے کہا کہ چینی زبان کی بنیادی مہارت حاصل کرنے سے سرمایہ کاری کی سہولت اور سرمایہ کاروں سے رابطے میں ایک نئی جہت پیدا ہوگی۔
ڈھاکہ سے شِنہوا نیوز ایجنسی کے نمائندوں کی رپورٹ
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ٹیکسٹ آن سکرین:
ڈھاکہ میں سرکاری اہلکاروں کے لئے چینی زبان کا تربیتی پروگرام شروع
یہ بنگلہ دیش میں چینی زبان کی تربیت کا پہلا سرکاری پروگرام ہے
تربیتی کورس پندرہ ہفتوں پر مشتمل ابتدائی چینی زبان پر مبنی ہے
پروگرام کا مقصد چینی سرمایہ کاروں سے بہتر رابطہ قائم کرنا ہے
بی آئی ڈی اے اور کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ نے مل کر پروگرام ترتیب دیا
نارتھ ساؤتھ یونیورسٹی تربیتی پروگرام کی میزبانی کر رہی ہے
مختلف سرکاری اداروں کے 38 اہلکار کورس میں حصہ لے رہے ہیں
افتتاحی تقریب میں بنگلہ دیش چین تعاون پر دستاویزی ویڈیو دکھائی گئی
حکام کے مطابق زبان کی تعلیم تعلقات کو مزید مضبوط بنائے گی
چینی زبان کی مہارت سرمایہ کاری کے فروغ میں مددگار ثابت ہوگی




