بھارتی اداکار کو نشے کی حالت میں گاڑی چلانے پر خوفناک حادثے کے بعد گرفتار کرلیا گیا ہے جس کے نتیجے میں متعدد گاڑیوں کا آپس میں تصادم ہوا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس نے بنگلورو میں مبینہ طور پر نشے کی حالت میں گاڑی چلانے والے کنڑ اداکار مایور پٹیل کی فورچیونر گاڑی ضبط کرلی ہے، اداکارکو دیر رات ڈرنک اینڈ ڈرائیو کیس کے بعد پولیس نے حراست میں لے لیا۔
منگل کی رات تقریباً 10بجے یہ حادثہ اولڈ ایئرپورٹ روڈ پر کمانڈو ہسپتال سگنل کے قریب پیش آیا جہاں اداکار اپنی فورچیونر ایس یو وی چلا رہے تھے، انہوں نے ٹریفک سگنل پر کھڑی ایک گاڑی کو ٹکر ماری جس کے باعث چین ری ایکشن ہوا اور مزید 4گاڑیاں متاثر ہوئیں جن میں 2 سوئفٹ ڈزائر اور ایک سرکاری گاڑی شامل تھیں۔
رپورٹ کے مطابق ٹریفک پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچی اور اداکار کا بریتھ الائزر ٹیسٹ کیا جس کا نتیجہ مثبت آیا اور شراب نوشی کی تصدیق ہوئی۔
ایک پولیس اہلکار نے میڈیا بتایا کہ اداکار نشے کی حالت میں گاڑی چلا رہا تھا اور اسکے باعث متعدد گاڑیوں کو نقصان پہنچا، حادثے کے بعد مبینہ طور پر مایور پٹیل نے متاثرہ گاڑیوں میں سے ایک کے مالک سے تلخ کلامی بھی کی، جس پر پولیس نے مداخلت کی۔
رپورٹ کے مطابق، پولیس نے فورچیونر گاڑی ضبط کر لی اور متاثرہ ڈرائیورز کی شکایات پر ہلاسورو ٹریفک پولیس اسٹیشن میں باقاعدہ مقدمہ درج کر لیا گیا۔




