بیجنگ (شِنہوا) چین میں 2026 کے بہار میلے کے سفری رش، جسے "چھون یون” بھی کہا جاتا ہے، کے دوران چین بھر میں بین العلاقائی مسافروں کے سفر کی تعداد 9.5 ارب کی ریکارڈ سطح تک پہنچنے کی توقع ہے۔
قومی ترقی و اصلاحات کمیشن (این ڈی آر سی) کے نائب سربراہ لی چھون لین نے کہا کہ ذاتی گاڑیوں کے ذریعے سفر بدستور غالب رہے گا جو مجموعی سفر کا تقریباً 80 فیصد ہوگا۔
لی کے مطابق ریلوے اور شہری ہوابازی کے ذریعے مسافروں کی تعداد بالترتیب 54 کروڑ اور 9 کروڑ 50 لاکھ تک پہنچنے کا امکان ہے جبکہ مجموعی حجم اور یومیہ بلند ترین ٹریفک دونوں تاریخی سطح سے تجاوز کریں گے۔
اس سال بہار میلے کے دوران سفری رش 2 فروری سے 13 مارچ تک جاری رہے گا جو 40 دنوں پر محیط ہوگا۔
ہر سال بہار میلے کے دوران لاکھوں افراد جو روزگار، تعلیم یا رہائش کے سلسلے میں اپنے آبائی شہروں سے دور ہوتے ہیں، اس اہم ترین روایتی تہوار کی مناسبت سے گھروں کو واپس لوٹتے ہیں جس کے نتیجے میں دنیا کی سب سے بڑی سالانہ انسانی نقل مکانی دیکھنے میں آتی ہے۔




