لاہور ہائیکورٹ نے چودھری شوگر ملز کیس میں مریم نواز کی رقم واپسی درخواست پر نیب سے جواب طلب کرلیا۔
جمعرات کو چیف جسٹس عالیہ نیلم کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے کیس پر سماعت کی۔
درخواست گزار مریم نواز کی طرف سے موقف اپنایا گیا کہ نیب نے چودھری شوگر ملز کیس بے بنیاد قرار دے کر خارج کردیا ہے، چودھری شوگر ملز کیس ختم ہوچکا ہے، گارنٹی کے طور پر رکھوائے گئے 7کروڑ روپے واپس کئے جائیں۔
نیب وکیل نے بتایا کہ نیب نے کیس ختم کر دیا ہے، اس پر چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کیا متعلقہ ٹرائل کورٹ سے بھی کیس ختم ہو گیا ہے؟ وکیل نے آگاہ کیا کہ قانون کے تحت اس کی ضرورت نہیں ہے۔
چیف جسٹس نے کہا کہ نیب نے کیس ختم کر دیا لیکن متعلقہ ٹرائل کورٹ نے بھی حتمی منظوری دینی ہے۔
عدالت نے 4 فروری تک نیب کو جواب جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی ۔




