قومی احتساب بیورو (نیب) خیبر پختونخوا نے کارروائی کرتے ہوئے اربوں روپے کے مالیاتی سکینڈل میں سٹار لینڈ مارکیٹنگ کے سی ای او اور ریجنل ڈائریکٹر کو گرفتار کر لیا ہے۔
گرفتار افسران کے بارے میں معلوم ہوا ہے کہ وہ 3.73 ارب روپے کے مالیاتی سکینڈل میں ملوث تھے۔
ترجمان نیب کے مطابق ملزمان عوامی سرمایہ کاری کے نام پر اربوں روپے کا فراڈ کرتے تھے جبکہ ایک اور ملزم کوبھی حراست میں لے لیا گیا ہے، ملزمان نے رئیل سٹیٹ سرمایہ کاری کے نام پر جعلی اور نام نہاد حلال منافع کا جھانسہ دیکر معصوم شہریوں سے رقوم وصول کیں اور اب تک تقریباً 3.73ارب روپے کا نقصان سامنے آ چکا ہے، جمع شدہ رقوم مشتہر کردہ ہائوسنگ منصوبوں میں لگانے کے بجائے خرد برد کی گئی۔
ترجمان کے مطابق نیب لوٹی گئی عوامی رقم کی وصولی اور تمام ذمہ داران کو قانون کے کٹہرے میں لانے کیلئے مکمل اور شفاف تحقیقات کر رہا ہے، تمام متاثرین کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ اپنے دعوے اور متعلقہ دستاویزات جلد از جلد نیب خیبر پختونخوا کے دفتر میں جمع کروائیں۔




