چھانگشا (شِنہوا) چین کی ہونان یونیورسٹی کی ایک ٹیم نے سرنگ کھودنے والی مشینوں کے لئے ایک ذہین نظام تیار کیا ہے، جس سے زیر زمین کام کرنے والی ان بڑی مشینوں کو ایک "سمارٹ برین” مل گیا ہے۔
ٹیم نے شِنہوا کو بتایا کہ یہ نظام چائنہ ریلوے کنسٹرکشن کمپنی کے ماہرین کے ساتھ مل کر بنایا گیا ہے اور یہ سرنگ بنانے کے کام کو خودکار اور زیادہ محفوظ بنانے کی طرف ایک بڑا قدم ہے۔
سرنگ کی کھدائی کرنے والی مشینیں یا ٹی بی ایمز، جنہیں اکثر "سٹیل کے ڈریگن” کہا جاتا ہے، زیر زمین راستے کھودنے کے لئے استعمال ہونے والا انتہائی بڑا اور اہم سازوسامان ہیں۔ زمین کے اوپر کام کرنے والی مشینری کے برعکس ٹی بی ایمز چٹانوں اور زمین میں براہ راست کام کرتی ہیں جس کے باعث زمینی حالات اس پر فوری اثر ڈالتے ہیں۔
مشکل حالات میں مشین چلانے والے انسان کے لئے مشین کو درست انداز استعمال کرنا دشوار ہو جاتا ہے جس کے نتیجے میں زمین کے بیٹھ جانے، زیادہ دھنسنے یا حتیٰ کہ مشین کے کنٹرول سے باہر ہو جانے جیسے خطرناک حالات پیدا ہو سکتے ہیں۔
اس مسئلے کو حل کرنے کے لئے ہونان یونیورسٹی کے پروفیسر چھن رین پینگ نے ایک مشترکہ تحقیقی منصوبہ شروع کیا تاکہ یہ مشینیں خود زمین کا جائزہ لے سکے، خطرات کی پیش گوئی کر سکے اور خود ہی درست فیصلے کر سکیں۔
تیار کیا گیا سمارٹ نظام سرنگ بنانے کے عمل کی ہر وقت نگرانی اور حفاظت کرتا ہے۔ یہ ٹی بی ایمز پر نصب سینسرز سے مسلسل ڈیٹا جمع کرتا ہے، زمینی حالات کا تجزیہ کرتا ہے، ممکنہ خطرات کی پیش گوئی کرتا ہے اور خودکار طور پر کھدائی کے لئے بہترین پیرامیٹرز تجویز کرتا ہے۔
شنگھائی میٹرو کے ایک منصوبے میں انتہائی بڑے قطر کی ٹی بی ایم پر اس نظام کے استعمال کے بعد شاندار نتائج سامنے آئے ہیں۔ تحقیقی ٹیم کے مطابق اس نے عملی فیصلوں میں 90 فیصد سے زائد درستگی فراہم کی اور ٹنل کی سمت میں فرق کو 30 ملی میٹر کے اندر محدود رکھا جو انسانی کنٹرول کے ذریعے حاصل ہونے والی درستگی سے کہیں زیادہ ہے۔
ٹیم نے مزید بتایا کہ چین کے جنوبی شہر گوانگ ژو کے ایک اور منصوبے میں اس نظام سے خرابیوں کی تشخیص اور دیکھ بھال کی کارکردگی میں 20 فیصد بہتری آئی، مشینری کے استعمال کی شرح میں 12 فیصد اور ماہانہ پیشرفت میں 5 فیصد اضافہ ہوا۔
چائنہ ہائی وے اینڈ ٹرانسپورٹیشن سوسائٹی نے اس جدت کو صنعت کے فروغ کے لئے ایک اہم کلیدی ٹیکنالوجی قرار دیا ہے۔




