ارمچی (شِنہوا) چین کے شمال مغربی سنکیانگ ویغور خود مختار علاقے کی غیر ملکی تجارت 2025 میں 520.37 ارب یوآن (تقریباً 74.4 ارب امریکی ڈالر) تک پہنچ گئی جو گزشتہ سال کی نسبت 19.9 فیصد اضافہ ظاہر کرتی ہے۔ ارمچی کسٹمز نے جمعہ کو اعلان کیا کہ یہ پہلی بار ہے کہ سنکیانگ کی غیر ملکی تجارت 500 ارب یوآن کی حد عبور کر گئی ہے۔
غیر ملکی تجارت میں یہ مضبوط اضافہ بیرونی تجارت کے فروغ کے لئے متعارف کرائی گئی متعدد پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔ سرحد پار ای کامرس کی برآمدات میں 232.8 فیصد اضافہ ہوا جبکہ سرحدی رہائشیوں کی باہمی تجارت کے ذریعے درآمدات میں 68.5 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو (بی آر آئی) کے تحت سنکیانگ کے بڑھتے ہوئے بین الاقوامی تعاون نے بھی نمایاں کردار ادا کیا۔ بی آر آئی شراکت دار ممالک کے ساتھ تجارتی حجم 458.37 ارب یوآن تک پہنچ گیا جو 14.7 فیصد اضافہ ہے۔
صرف وسطی ایشیا کے 5 ممالک کے ساتھ تجارت کا حجم 276.69 ارب یوآن رہا۔ اس کے علاوہ خطے نے آسیان، افریقہ، مغربی ایشیا، مشرق وسطیٰ اور لاطینی امریکہ کے ساتھ بھی اپنے روابط کو تیزی سے فروغ دیا۔
خاص طور پر سنکیانگ کی برآمدی ساخت میں مسلسل بہتری آئی ہے۔ مکینیکل اور الیکٹریکل مصنوعات کی برآمدات 186.5 ارب یوآن تک پہنچ گئیں جو 40.7 فیصد اضافہ ہے۔ ان میں گاڑیوں کے پرزہ جات، برقی آلات اور الیکٹرانک اجزاء کی ترسیلات میں نمایاں اضافہ ہوا جبکہ نئی معیاری پیداواری قوتوں سے وابستہ اعلیٰ درجے کے آلات کی برآمدات میں تقریباً 70 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا۔
اخروٹ اور انگور سمیت زرعی برآمدات نے بھی رفتار پکڑی، جس کے نتیجے میں خطے کی مجموعی زرعی برآمدات میں 25.4 فیصد اضافہ ہوا۔
ارمچی کسٹمز کے نائب سربراہ لی چھنگ ہوا نے کہا کہ عالمی چیلنجز کے باوجود سنکیانگ کی غیر ملکی تجارت نے مضبوطی اور مستحکم ترقی برقرار رکھی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ مرحلے میں نگرانی کے نظام کی کارکردگی اور خدمات کی سطح کو بہتر بنانے پر توجہ دی جائے گی تاکہ خطے کے اعلیٰ سطحی کھلے پن کی حمایت کی جا سکے۔




