پاکستان اور صومالیہ کے درمیان سفارتی پاسپورٹ ہولڈرز کیلئے ویزا فری معاہدہ طے پا گیا۔
جاری بیان کے مطابق ہفتے کو صدر مملکت آصف علی زرداری سے صومالیہ کے وزیر داخلہ علی یوسف نے ملاقات کی جس میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
صدر مملکت نے کہا کہ افریقہ عالمی جغرافیائی سیاست میں اہم خطہ ہے، پاکستان صومالیہ کیساتھ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور مشترکہ مفادات کے شعبوں میں قریبی تعاون کا خواہاں ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان سرحد پار جرائم اور منشیات کی سمگلنگ کیخلاف مشترکہ کوششوں کیلئے بھی پرعزم ہے۔
اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان سفارتی پاسپورٹ رکھنے والوں کیلئے ویزا شرط ختم کرنے کے معاہدے پر دستخط بھی کئے گئے۔
ذرائع کے مطابق معاہدے پر پاکستان کی جانب سے سیکرٹری وزارت داخلہ جبکہ صومالیہ کی جانب سے سیکرٹری وزارت خارجہ نے دستخط کئے۔




