پاکستانی کلینیکل ماہرِ نفسیات اور انفلوئنسر ماہین انوری نے اداکارہ و میزبان فضا علی کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ فضا علی کا پیرنٹنگ سٹائل خراب ہے جس سے بچوں کی نفسیات متاثر ہوسکتی ہے۔
اپنے انسٹاگرام اکائونٹ پر ماہرِ نفسیات ماہین انوری نے فضا علی اور انکی بیٹی کی ایک ویڈیو شیئر کی اور لکھا کہ میں شدید مایوسی کیساتھ یہ بات کر رہی ہوں، والدین خاص طور پر مائیں آخر ویوز کیلئے اپنی معصوم بیٹیوں کو کیوں استعمال کر رہی ہیں؟، یہ انتہائی تشویشناک ہے، ایک 15 سالہ لڑکی سے میری بات ہوئی وہ اپنی ماں کے رویہ کی وجہ سے شدید مشکلات کا شکار ہے، براہِ کرم اپنے بچوں کی معصومیت کو سوشل میڈیا کیلئے استعمال نہ کریں۔
انہوں نے اداکارہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ فضا علی ذرا سوچئے کہ آپ کتنے گہرے نفسیاتی نقصان کا سبب بن رہی ہیں۔
ماہرِ نفسیات کی ویڈیو پوسٹ پر متعدد سوشل میڈیا صارفین نے ملے جلے خیالات کا اظہار کیا، بعض نے پلیٹ فارم کو سنجیدہ اور تعمیری موضوع پر بات کرنے کیلئے انہیں سراہا جبکہ بعض فضا علی کی حمایت میں سامنے آئے۔




