حکومت پنجاب نے مری میں بارش کیساتھ 12 تا 20 انچ متوقع برفباری کے پیش نظر اہم ہدایات جاری کردیں۔
ذرائع کے مطابق وزیر مواصلات پنجاب ملک صہیب احمد بھرتھ انتظامات کا جائزہ لینے مری پہنچے اور ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن کے اجلاس کی صدارت کی، صوبائی وزیر کو برفباری، روڈ کلیئرنگ اور لینڈ سلائیڈنگ سے نمٹنے کے انتظامات پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ایک، دو روز میں مری میں بارش اور 12 تا 20 انچ برفباری کی پیش گوئی ہے۔
وزیر مواصلات نے ہدایت کی کہ حساس شاہرائوں اور پوائنٹس کی نشاندہی مکمل کی جائے، مری میں داخل ہونے والی گاڑیوں کی مسلسل مانیٹرنگ کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری رسپانس یقینی بنایا جائے گا جبکہ محکمہ موسمیات سے مکمل رابطہ رکھ کر بروقت اپ ڈیٹس لی جائیں۔
صوبائی وزیر نے مری کی مختلف شاہرائوں کا معائنہ کرنے کیساتھ سالٹ کیمپس اور ٹورسٹ فیسلیٹیشن سینٹرز کا دورہ کیا۔
میکنیکل ونگ کی برف ہٹانے اور روڈ کلیئر کرنے والی مشینری کا بھی جائزہ لیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت سیاحوں اور مقامی آبادی کو سہولیات کی فراہمی کیلئے متحرک ہے، برفباری کے طوفان سے نمٹنے کیلئے جامع پالیسی تشکیل دی جا رہی ہے، ہائی وے ڈیپارٹمنٹ، ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن، ٹریفک پولیس، ریسکیو 1122اور دیگر ادارے مکمل رابطہ رکھیں۔
صوبائی وزیر نے ہدایت کی کہ نمک کے بیگز کی وافر مقدار سٹور رومز میں رکھی جائے جبکہ 13 ٹورسٹ فیسلیٹیشن سنٹرز 24 گھنٹے مکمل فعال رہیں۔




