وزیراعظم کے مشیر سینیٹر رانا ثناء اللہ نے خواجہ آصف کے ضلعی حکومتوں بارے بیان کی تائید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ضلعی حکومتوں کو بااختیار بنانا چاہئے، یہ آئینی تقاضا ہے، بے اختیار ہونے سے لوگوں کے مسائل حل نہیں ہوں گے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ 18 ویں ترمیم پر خواجہ آصف نے کب کہا انہوں نے پارٹی پالیسی دی ہے یہ ان کی ذاتی رائے تھی اور ذاتی رائے کو ذاتی ہی رہنا چاہئے، ہر رکن کو اظہار رائے کا اختیار ہے۔
انہوں نے کہا کہ اٹھارویں ترمیم اتفاق رائے سے ہوئی لیکن اس میں دوبارہ اتفاق رائے سے بہتری ہوسکتی ہے، بہتری کا راستہ پورے آئین میں کھلا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نوید قمر نے اپنی دلیل دی، ان کی بات وزن رکھتی ہے، اسمبلی میں کسی کو بات سے روکنا مناسب نہیں، 18ویں ترمیم پر ہمارا موقف ہے، اس پر بات ہونی چاہئے۔
ضلعی حکومتوں کو بااختیار بنانا چاہئے، یہ آئینی تقاضا ہے، جب تک ضلعی حکومت کو بااختیار نہیں بنایا جائے گا لوگوں کے مسائل حل نہیں ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اپنی ہر ملاقات کو اداروں کیخلاف استعمال کرتے رہے ہیں، اسلام آباد ہائیکورٹ نے ملاقات کا طریقہ کار طے کردیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سانحہ گل پلازا میں آگ لگنے کی تحقیقات ہونی چاہئیں۔




