واشنگٹن (شِنہوا) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون کی جانب سے تجویز کردہ جی 7 کے ہنگامی سربراہی اجلاس میں حصہ نہیں لیں گے۔
سوئٹزرلینڈ کے شہر ڈیووس میں عالمی اقتصادی فورم کے اپنے دورے سے قبل ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں پریس بریفنگ کے دوران اپنے دوسرے دور صدارت کی پہلی سالگرہ کے موقع پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کے پاس ڈیووس میں پہلے ہی بہت سی ملاقاتیں طے ہیں جن میں گرین لینڈ سے متعلق بات چیت بھی شامل ہے۔
ٹرمپ نے فرانس کے صدر کے بارے میں کہا کہ وہ میرا دوست ہے۔ وہ اچھا انسان ہے۔ مجھے میکرون پسند ہے لیکن جیسا کہ آپ جانتے ہیں کہ وہ زیادہ دیر وہاں نہیں رہیں گے، ان کی مدت 2027 میں ختم ہونے والی ہے۔
پریس بریفنگ میں ٹرمپ نے یہ بھی سوال اٹھایا کہ کیا نیٹو کے اتحادی امریکہ کے دفاع میں مدد کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ میرے لئے نیٹو کے ساتھ سب سے بڑا خوف یہ ہے کہ ہم نیٹو پر بے پناہ رقم خرچ کرتے ہیں اور میں جانتا ہوں کہ ہم ان کی مدد کریں گے لیکن میں واقعی یہ سوال اٹھاتا ہوں کہ کیا وہ ہماری مدد کریں گے یا نہیں۔
ٹرمپ نے دوبارہ کہا کہ قومی سلامتی کے لئے امریکہ کو گرین لینڈ کی ضرورت ہے۔
جب ان سے پوچھا گیا کہ وہ گرین لینڈ کے معاملے میں کتنے آگے جائیں گے تو ٹرمپ نے جواب دیا "آپ کو پتہ چل جائے گا”۔




