پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بنگلادیش کے موقف کی حمایت میں آئی سی سی کو خط لکھنے سے متعلق خبروں سے لاعلمی کا اظہار کردیا ہے۔
ترجمان پی سی بی نے کہا ہے کہ بنگلادیش کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کھیلنے کیلئے بھارت نہ جانے سے متعلق آئی سی سی کو لکھے گئے خط کے معاملے کا کوئی علم نہیں ہے، ہمیں بھی یہ میڈیا سے ہی معلوم ہوا ہے کہ ایسی کوئی بات ہوئی ہے۔
دوسری جانب میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ پی سی بی نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بنگلادیش کی شرکت سے متعلق حتمی فیصلے سے ایک روز قبل آئی سی سی کو خط لکھ کر بنگلادیش کرکٹ بورڈ کے موقف کی حمایت کی ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ خطے میں موجود سیاسی کشیدگی کے پیشِ نظر بنگلادیش کا بھارت میں میچز نہ کھیلنے کا فیصلہ قابلِ فہم ہے، ذرائع کے مطابق پی سی بی نے خط آئی سی سی بورڈ کے دیگر اراکین کو بھی ارسال کیا ہے اور اطلاعات ہیں کہ آئی سی سی نے بدھ کو بورڈ اجلاس طلب کیا ہے جس میں بنگلادیش کی درخواست پر غور ہوگا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی سی سی اب تک اپنے موقف پر قائم ہے اور شیڈول میں تبدیلی یا بنگلادیش کو سری لنکا میں کھیلنے کی اجازت دینے کے حق میں نہیں ہے۔




