بیجنگ (شِنہوا) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے چین کے اعلیٰ سیاسی مشیر وانگ ہوننگ سے بیجنگ میں ملاقات کی ہے۔
چینی عوامی سیاسی مشاورتی کانفرنس کی قومی کمیٹی کے چیئرمین وانگ نے کہا کہ یہ سال چین اور پاکستان کے سفارتی تعلقات کے قیام کی 75 ویں سالگرہ کا سال ہے۔ چین پاکستان کے ساتھ مل کر دونوں ممالک کے رہنماؤں کے درمیان طے پانے والے اہم اتفاق رائے پر عملدرآمد، مختلف شعبوں میں عملی تعاون کو مزید گہرا کرنے، چین اور پاکستان کے مابین تعاون پر مبنی سدابہار تزویراتی شراکت داری کی ٹھوس ترقی کو فروغ دینے اور نئے دور میں مشترکہ مستقبل کے حامل ایک قریبی چین پاکستان کمیونٹی کی تعمیر کو تیز کرنے کی خاطر کام کرنے کے لئے تیار ہے۔
وانگ نے مزید کہا کہ سی پی پی سی سی کی قومی کمیٹی ان مقاصد کے حصول کے لئے مثبت کردار ادا کرنے کی خواہش مند ہے۔
سردار ایاز صادق نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان ایک چین کی پالیسی پر مضبوطی سے عمل پیرا ہے اور چین کی جانب سے پیش کردہ چاروں عالمی انیشی ایٹوز کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔ پاکستان تجارت، معیشت، افرادی قوت کی تربیت اور بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو (بی آر آئی) کی مشترکہ تعمیر سمیت مختلف شعبوں میں چین کے ساتھ تعاون بڑھانے اور پاکستان میں چینی عملے، منصوبوں اور اداروں کے مکمل تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے پرعزم ہے۔
سپیکر ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان کی قومی اسمبلی پاک چین آہنی دوستی کو فروغ دینے کے لئے انتھک کوششیں جاری رکھنے کو تیار ہے۔




