بیجنگ (شِنہوا) چینی وزارت خارجہ کے ترجمان گو جیاکن نے کہا ہے کہ چین نے افغان دارالحکومت کابل میں ہونے والے دھماکے میں ہلاکتوں پر گہرے افسوس اور زخمی ہونے والے افراد سے مخلصانہ ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔
اپنی معمول کی پریس بریفنگ میں ترجمان نے کہا کہ اس دھماکے میں ایک چینی شہری ہلاک اور پانچ زخمی ہوئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ چین نے ہنگامی طور پر افغان حکام سے رابطہ کیا ہے اور ان پر زور دیا کہ وہ زخمیوں کے علاج کے لئے ہر ممکن کوشش کریں۔
انہوں نے کہا کہ چین نے افغان حکومت سے کہا ہے کہ وہ افغانستان میں چینی شہریوں، منصوبوں اور اداروں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے موثر اقدامات کرے، اس واقعے کی جامع تحقیقات کرے اور ملوث افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ چین دہشت گردی کی تمام اقسام کی مذمت اور سختی سے مخالفت کرتا ہے، دہشت گردوں اور پر تشدد کارروائیوں کے خلاف افغانستان اور تمام علاقائی ممالک کی مشترکہ کوششوں کی حمایت کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ افغانستان کی موجودہ صورتحال کے تناظر میں چینی وزارت خارجہ نے پھر چینی شہریوں کو یاد دہانی کرائی ہے کہ وہ مستقبل قریب میں افغانستان کا سفر کرنے سے اجتناب کریں۔
انہوں نے افغانستان میں موجود چینی شہریوں اور کاروباری اداروں کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی سکیورٹی آگاہی کو بڑھائیں، حفاظتی اقدامات کو مزید مضبوط کریں اور زیادہ خطرے والے علاقوں سے جلد از جلد انخلا کریں۔




