بیجنگ (شِنہوا) چینی ریلوے کمپنی نے کہا ہے کہ 2026 کے موسم بہار میلے کے سفری رش کے پہلے دن کے لئے ٹرین ٹکٹوں کی فروخت شروع ہو گئی ہے۔
چائنہ سٹیٹ ریلوے گروپ کمپنی لمیٹڈ کے مطابق اس سال کا سفری رش، جسے چھون یون کے نام سے جانا جاتا ہے، 2 فروری سے 13 مارچ تک جاری رہے گا۔
کمپنی نے کہا ہے کہ قومی ریلوے نیٹ ورک رواں سال اس 40 روزہ مدت کے دوران تقریباً 53 کروڑ 90 لاکھ مسافر دوروں کو سنبھالے گا، یہ شرح 2025 کے چھون یون کے مقابلے میں 5 فیصد زیادہ ہے۔
ہر سال موسم بہار میلے کے سفر ی رش کے دوران لاکھوں افراد جو ملازمت، تعلیم یا رہائش کے سلسلے میں اپنے آبائی علاقوں سے دور رہتے ہیں، بہار میلے میں اپنے خاندانوں سے ملنے کے لئے گھروں کو واپس لوٹتے ہیں۔ یہ چین کا سب سے اہم روایتی تہوار ہے، جس کے دوران دنیا کی سب سے بڑی انسانی ہجرت ہوتی ہے۔
اس سال بہار میلہ 17 فروری کو ہو گا۔ سفری طلب کو بہتر طور پر پورا کرنے کے لئے ریلوے آپریٹرز نے خدمات کی بہتری کے لئے متعدد اقدامات اٹھائے ہیں، جن میں غلطی سے خریدے گئے ٹکٹوں کی محدود مدت کی مفت ریفنڈ پالیسی، سامان رکھنے کے مخصوص ڈبوں میں اضافہ اور طلبہ کے لئے رعایتی ٹکٹ شامل ہیں۔




