بالی ووڈ کے معروف ہدایتکار کرن جوہر نے انکشاف کیا ہے کہ نامور اداکار سلمان خان کے ایک فیصلے نے فلم کچھ کچھ ہوتا ہے کے سیٹ پر انہیں رلا دیا تھا، کرن جوہر کچھ کچھ ہوتا ہے اور کبھی خوشی کبھی غم جیسی ہٹ فلموں کیلئے جانے جاتے ہیں جبکہ انہوں نے اپنے کیریئر میں متعدد بلاک بسٹر فلمیں بالی ووڈ کو دی ہیں۔
حال ہی میں انہوں نے ماضی کی یادوں کو تازہ کرتے ہوئے بتایا کہ فلم کچھ کچھ ہوتا ہے کے مشہور گانے ساجن جی گھر آئے کی شوٹنگ کے دوران وہ سلمان خان کی وینٹی وین میں رو پڑے تھے، اپنے پوڈکاسٹ میں کرن جوہر نے بتایا کہ کچھ کچھ ہوتا ہے انکی سلمان خان کیساتھ پہلی فلم تھی اور چونکہ سلمان ایک بہت بڑے سٹار تھے اسلئے وہ کافی گھبرائے ہوئے تھے، سلمان کے سیٹ پر پہلے دن جب کرن جوہر انکی وینٹی وین میں داخل ہوئے تو سلمان خان ٹی شرٹ اور جینز پہنے ہوئے تھے، کرن نے اداکار کو بتایا کہ وہ یہ گانا ایک بہت بڑے اور شاندار سیٹ پر شوٹ کرنیوالے ہیں اس پر سلمان خان نے جواب دیا کہ ہاں لیکن اگر پہلی بار دولہا جینز اور ٹی شرٹ میں آئے تو یہ ایک نیا سٹائل ہوگا، میں اس میں سویگ لے آئوں گا، یہ سن کر کرن جوہر پریشان ہو گئے کیونکہ سیٹ بہت شاندار تھا اور سلمان خان کی ہیروئن کاجول ایک لہنگا پہنے ہوئے تھیں، ایسے میں دلہا جینز اور ٹی شرٹ میں آ گئے تو کیا ہوگا جہاں سلمان خان پراعتماد تھے، وہیں کرن جوہر شدید دباؤ میں آ گئے اور وہ اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور سلمان خان کے سامنے ہی انکی وینٹی وین میں رو پڑے، انہیں روتا دیکھ کر سلمان خان نے اپنی ضد چھوڑی اور سوٹ پہن کر شوٹنگ پر آنے پر رضامندی ظاہر کر دی۔




