آسٹریلیا نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے قبل پاکستان کے دورے کیلئے 17رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے جس میں چند اہم کھلاڑی فٹنس مسائل کے باعث شامل نہیں ہونگے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق پیٹ کمنز، جوش ہیزل ووڈ اور ٹم ڈیوڈ کو انجریز سے مکمل بحالی کیلئے مزید وقت دیا گیا ہے اسلئے وہ پاکستان کیخلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز نہیں کھیلیں گے، سلیکٹرز نے بگ بیش لیگ میں شاندار کارکردگی دکھانے والے کچھ نئے اور نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دیتے ہوئے پرتھ اسکارچرز کے تیز گیند باز مہلی بیئرڈمین اور سڈنی سکسرز کے آل رانڈر جیک ایڈورڈز کو سکواڈ میں شامل کیا ہے، دونوں کھلاڑی اس سے قبل بھارت کے دورے کے دوران وائٹ بال اسکواڈ کا حصہ رہ چکے ہیں تاہم دونوں ہی ابھی تک انٹرنیشنل ڈیبیو نہیں کرسکے ہیں، برسبین ہیٹ کے بیٹر میتھیو رینشا کو بھی بی بی ایل میں شاندار کارکردگی کے صلے میں منتخب کیا گیا ہے اور انکے ممکنہ طور پر ٹی ٹوئنٹی ڈیبیو کی توقع ہے۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان سیریز کے تمام میچز لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں 29، 31جنوری اور یکم فروری کو پاکستان کے مقامی وقت کے مطابق شام 4 بجے کھیلے جائیں گے۔
آسٹریلوی سکواڈ میں مچ مارش(کپتان)، شان ایبٹ، زیویئر بارٹلیٹ، مہلی بیئرڈمین، کوپر کونولی، بین ڈوریشیئس، جیک ایڈورڈز، کیمرون گرین، ٹریوس ہیڈ، جوش انگلس، میتھیو کوہنمین، مچ اوون، جوش فلپ، میتھیو رینشا، میٹ شارٹ، مارکس اسٹوئنس اور ایڈم زیمپا شامل ہیں۔




