غیر سرکاری تنظیم رویت ہلال ریسرچ کونسل نے پیشگوئی کی ہے کہ پاکستان میں پیر 19جنوری کی شام ہلال شعبان کی رویت ممکن نہیں ہوگی جس کے باعث شعبان المعظم 1447ھ کا آغاز بدھ 21جنوری سے ہوگا۔
کونسل کے سیکرٹری جنرل خالد اعجاز مفتی کے مطابق نیا چاند اتوار 18اور پیر 19جنوری 2026 کی درمیانی شب پاکستانی وقت کے مطابق رات 12بجکر 52منٹ پر پیدا ہوگا، پیر 19جنوری کو غروبِ آفتاب کے وقت چاند کی عمر پاکستان کے تمام علاقوں میں 18گھنٹوں سے کم ہوگی جبکہ ہلال کی رویت کیلئے چاند کی عمر کم از کم 19گھنٹے ہونی چاہئے۔
انہوں نے بتایا کہ غروبِ شمس اور غروبِ قمر کے درمیان فرق بھی مطلوبہ معیار پر پورا نہیں اتریگا۔
گلگت اور مظفر آباد میں یہ فرق 29منٹ، پشاور، اسلام آباد، لاہور اور چارسدہ میں 30منٹ، کوئٹہ میں 31منٹ جبکہ کراچی اور جیوانی میں 33منٹ ہوگا حالانکہ رویت کیلئے کم از کم 40منٹ کا فرق ضروری سمجھا جاتا ہے۔
رویت ہلال ریسرچ کونسل کے مطابق ان سائنسی حقائق کی بنیاد پر مطلع صاف ہونے کی صورت میں بھی پیر 19جنوری کی شام نہ ننگی آنکھ سے، نہ دوربین اور نہ ہی ٹیلی سکوپ کے ذریعے ہلال دیکھا جا سکے گا، اس طرح رجب المرجب کے 30دن مکمل ہونے کے بعد پاکستان میں شعبان المعظم 1447ھ کا آغاز بدھ 21 جنوری سے ہوگا۔




