بیجنگ (شِنہوا) ایک چینی فوجی ترجمان نے کہا ہے کہ جاپان کے بے قابو عسکری عزائم دیگر ایشیائی ممالک کے لئےسنگین خطرہ پیدا کریں گے اور بالآخر یہ جاپانی عوام کے لئے تباہ کن آفات لائیں گے۔
چین کی وزارت قومی دفاع کے ترجمان ژانگ شیاؤ گانگ نے یہ بات اپنی پریس کانفرنس میں اس سوال کے جواب میں کہی، جب ان سے بعض جاپانی سیاسی شخصیات کی طرف سے وزیراعظم سنائی تاکائیچی پر تنقید کرنے کے حوالے سے تبصرہ کرنے کا کہا گیا۔
ترجمان نے کہا کہ جاپان کے اندر عوام کی بڑی تعداد نے جاپانی حکومت کے غلط اقدامات سے ہونے والے سنگین خطرے اور نقصان کو سمجھنا شروع کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جاپان کی بڑھتی ہوئی مغرور دائیں بازو کی قدامت پسند قوتیں فوجی طاقت میں بہت زیادہ اضافے اور دوبارہ عسکریت پسندی اختیار کرنے پر زور دے رہی ہیں جس سے جاپانی قوم ایک خطرناک راستے پر گامزن ہو رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ چین عسکریت پسندی کو دوبارہ اختیار کرنے کی کسی بھی خطرناک کوشش کو مضبوطی سے روکنے، جنگ عظیم دوم کی فتح سے حاصل کئے گئے نتائج کو مشترکہ طور پر برقرار رکھنے اور خطے اور اس کے ارد گرد امن و استحکام کے تحفظ کے لئے تمام امن پسند ممالک کے ساتھ کام کرنے کو تیار ہے۔




