ہانگ کانگ یونیورسٹی (ایچ کے یو) اور لنڈاؤ نوبل لیوریٹ میٹنگز نے پیر کے روز مشترکہ طور پر "نوبل ہیروز فورم، سائنس اور مستقبل کی تشکیل” کے موضوع پر فورم کا انعقاد کیا۔ فورم میں چھ نوبل انعام یافتہ محققین شریک ہوئے اور انہوں نے اس بات پر غور و خوض کیا کہ بنیادی تحقیق کس طرح سائنس، ٹیکنالوجی، صحت اور عالمی معیشت میں ترقی کو آگے بڑھاتی ہے۔
اس فورم میں پینل مباحثے بھی شامل تھے۔ ان میں طبیعیات اور کیمیا میں بنیادی دریافتوں کے ذریعے ایٹمی اور مالیکیولی سطح پر پیدا ہونے والے نئے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔ حیاتیات اور مالیات کے پیچیدہ نظاموں کو کنٹرول کرنے والے عالمی اصول بھی اس موقع پرزیرِغور آئے۔
ہانگ کانگ یونیورسٹی کے صدر ژانگ شیانگ نے کہا کہ چھ نوبل انعام یافتگان کی بصیرت سے امیدہے کہ ہم یہ سیکھ جائیں گے کہ بنیادی سائنس کو کس طرح آگے بڑھایا جائے، دریافتوں کا عملی اطلاق کیسے ہونا چاہئے اور انسانیت کے فائدے کے لئے کیا کام کرنا ہوگا۔
لِنڈاؤ نوبل لاوریٹ میٹنگز کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر نیکولاؤس ٹرنر نےمیٹنگز کی 75 ویں سالگرہ کے موقع پر رواں برس نوبل ہیروز کو ہانگ کانگ لانے پر خوشی کا اظہار کیا۔
ٹرنر نے امید ظاہر کی کہ ہانگ کانگ سے مزید باصلاحیت افراد کو متوجہ کیا جائے گا اور شراکت داری قائم کی جائے گی۔ اس طرح نوجوان محققین اور نوبل انعام یافتگان کے درمیان منفرد بین النسلی تبادلے کو برقرار رکھا جا سکے گا۔
سال 2023 کے نوبل انعام یافتہ طبیعیات کے ماہر اور ہانگ کانگ یونیورسٹی میں لیزر فزکس کے چئیر پروفیسر فیرینک کراوز نے کہا کہ ہانگ کانگ کی سائنسی تحقیق مسلسل ترقی کر رہی ہے جس کی بنیاد یہاں کا سازگار تعلیمی ماحول اور عالمی تعاون کو فروغ دینے کی صلاحیت ہے۔
سال 2010 میں فزکس کے نوبل انعام یافتہ کونسٹینٹِن نوووسیلوف نےسائنس میں پیشہ ورانہ مہارت پر زور دیا۔ انہوں نے اظہار خیال کرتے ہوئے مسائل کے حل اور رکاوٹوں کو دور کرنے کی اہمیت بیان کی۔
سال 2002 میں کیمسٹری کے نوبل انعام یافتہ کرٹ ووتھرچ نے نوجوان سائنسدانوں کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ اپنے فیصلوں پر اعتماد کریں اور ناکامیوں پر حوصلہ ہارنے کے بجائے اسے سیکھنے کے عمل کا حصہ سمجھیں۔
لنڈاؤ نوبل لوریٹ میٹنگز ابتدا میں طبیعیات، کیمیا، فزیالوجی اور ادویات کے لئے منعقد ہوتی تھیں۔ سال2004 میں معاشیات کو بھی اس میں شامل کیا گیا۔ یہ میٹنگز سال 1951 میں "جنگ کے بعد مفاہمتی اقدام” کے طور پر قائم کی گئی تھیں اور اب عالمی تعلیمی مسائل کے حوالے سےایک عالمی فورم بن چکی ہیں۔
ہانگ کانگ، چین سے شِنہوا نیوز ایجنسی کے نمائندوں کی رپورٹ
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ٹیکسٹ آن سکرین:
ہانگ کانگ یونیورسٹی اور لنڈاؤ نوبل لیوریٹ میٹنگز نے نوبل ہیروز فورم منعقد کیا
فورم میں 6 نوبل انعام یافتہ ممتاز سائنسدانوں اور محققین نے شرکت کی
بنیادی تحقیق سائنس، ٹیکنالوجی، صحت اور عالمی معیشت میں ترقی کو فروغ دیتی ہے
پینل مباحثوں میں طبیعیات اور کیمیا کی بنیادی سائنسی دریافتوں پر غور کیا گیا
حیاتیات اور مالیات کے پیچیدہ نظاموں کو کنٹرول کرنے والے عالمی اصول زیر بحث آئے
نوبل انعام یافتگان نے سائنسی دریافتوں کو عملی زندگی سے جوڑنے کی اہمیت بیان کی
لنڈاؤ میٹنگز کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر نوجوان محققین کی بھرپور حوصلہ افزائی ہوئی
نوجوان محققین اور نوبل انعام یافتگان کے درمیان علمی تبادلے پر زور دیا گیا
ہانگ کانگ کا سازگار تعلیمی ماحول اور عالمی تعاون سائنسی تحقیق کو فروغ دیتا ہے
فورم نے عالمی تعلیمی مسائل اور بنیادی سائنس کی غیر معمولی اہمیت اجاگر کی




