بوداپست (شِنہوا) ہنگری کے وزیر انصاف بینس توزسن نے ہنگری کی اقتصادی اور سماجی ترقی میں چینی کمپنیوں کے کردار کو سراہاہے۔
ہنگری کی وزارت انصاف اور ہنگری میں چینی کمپنیوں کی ایسوسی ایشن کی مشترکہ میزبانی میں منعقدہ ناشتے پر ملاقات میں وزیرِ انصاف بینس توزسن نے کہا کہ ہنگری کی حکومت ڈیجیٹل قانون کی بالادستی کو فروغ دے رہی ہے اور ملک میں کام کرنے والی چینی کمپنیوں کے جائز حقوق اور مفادات کے موثر تحفظ کے لئے عدالتی سہولیات بہتر بنانے کے لئے پرعزم ہے۔
وزیر نے یورپی یونین اور ہنگری کے قانونی نظام سے متعلق کمپنیوں کے نمائندوں کے سوالات کا جواب بھی دیا۔
ہنگری میں چین کے سفیر گونگ تاؤ نے ملاقات میں کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی اور تجارتی تعاون نے خوش آئند نتائج دیئے ہیں اور اس بات کی نشاندہی کی کہ ڈیجیٹل معیشت اور مصنوعی ذہانت جیسے جدید شعبوں میں تعاون مضبوط ہوتا جا رہا ہے جبکہ عدالتی تبادلے بھی مزید مضبوط ہوئے ہیں۔
سفیر نے امید ظاہر کی کہ ہنگری کی جانب سے چینی کمپنیوں کے لئے سرمایہ کاری اور کاروبار کرنے کی خاطر ایک منصفانہ اور شفاف قانونی ماحول کو فروغ دیا جائے گا اور دوطرفہ عملی تعاون کو اعلیٰ سطح پر بڑھایا جائے گا۔




