غیر ملکی میڈیا نے انکشاف کیا ہے کہ خالصتان تحریک کے رہنما پرم جیت پما کو بھارتی ایجنٹوں سے شدید خطرہ ہے، برطانوی انٹیلیجنس نے انکو حفاظتی اقدامات کا مشورہ دیدیا ہے، گزشتہ دنوں پرم جیت کی مودی کے حامیوں سے تکرار بھی ہوئی تھی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق خطرات کی نوعیت اس قدر سنگین ہے کہ پرم جیت سنگھ پما اب لندن کے علاقے سائوتھ آل میں اپنے گھر میں بھی مقیم نہیں رہے جبکہ انہیں اپنی موجودہ رہائشگاہ کا مقام کسی کیساتھ شیئر کرنے کی اجازت بھی نہیں دی گئی۔
پرم جیت سنگھ پما کینیڈا میں 2023 میں قتل ہونیوالے خالصتانی رہنما ہردیپ سنگھ نجر اور سکھ فار جسٹس کے رہنماء گرپتونت سنگھ پنوں کے قریبی ساتھی سمجھے جاتے ہیں، وہ باقاعدگی سے لندن میں بھارتی ہائی کمیشن کے سامنے ہونیوالے مظاہروں میں شریک ہوتے رہے ہیں۔
پما کے مطابق وہ کافی عرصے سے برطانوی پولیس کو موصول ہونیوالی دھمکیوں سے آگاہ کرتے آ رہے تھے تاہم ہردیپ سنگھ نجر کے قتل کے بعد پولیس نے اس معاملے کو سنجیدگی سے لینا شروع کیا۔




