بیجنگ(شِنہوا) چین کے اعلیٰ اقتصادی منصوبہ ساز ادارے نے ایک آزمائشی ضابطہ جاری کیا ہے جس کا مقصد سرکاری سرمایہ کاری فنڈز کی تقسیم کے جائزے اور انتظام کو بہتر بنانا ہے۔
اس اقدام کا مقصد ان فنڈز کو قومی حکمت عملیوں کی معاونت کے لئے بہتر طور پر بروئے کار لانا، صنعتی اپ گریڈنگ کو فروغ دینا اور اختراع و کاروباری سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔
قومی ترقی و اصلاحات کمیشن (این ڈی آر سی) کی جانب سے پیر کے روز جاری کردہ اس ضابطے میں اس بات کو اجاگر کیا گیا ہے کہ سرمایہ کاری کی تقسیم کے جائزے،سرکاری سرمایہ کاری فنڈز کو قومی صنعتی پالیسیوں کے ساتھ ہم آہنگ کرنے اور جدید صنعتی نظام کی ترقی کی حمایت میں رہنمائی کا کردار ادا کریں۔
اس میں قومی سطح کے فنڈز اور مقامی سرکاری فنڈز کے درمیان مضبوط ہم آہنگی پر بھی زور دیا گیا ہے تاکہ اہم قومی حکمت عملیوں، کلیدی شعبوں اور ان کمزور علاقوں کی حمایت کی جا سکے جہاں مارکیٹ کی قوتیں پیچھے رہ جاتی ہیں۔
ضابطے میں جائزے کے ایسے معیار متعین کئے گئے ہیں جو قومی حکمت عملیوں کی حمایت میں فنڈز کی کارکردگی پر توجہ مرکوز کرتے ہیں، جن میں نئی معیاری پیداواری قوتوں کی ترقی، تکنیکی اختراع اور تحقیقی نتائج کی تجارتی شکل اختیار کرنے کا فروغ، طویل مدتی سرمایہ کی فراہمی اور عوامی فلاح و بہبود میں بہتری شامل ہیں۔




