مصر کے فٹبالر نے ایک تاریخی سنگ میل عبور کر کے میسی اور رونالڈو کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے، محمد صالح نے ایک شاندار بین الاقوامی اعزاز اپنے نام کر لیا ہے اور یہ سنگ میل انہوں نے فٹبال کے عظیم کھلاڑیوں لیونل میسی اور کرسٹیانو رونالڈو سے بھی کم میچز کھیلتے ہوئے حاصل کیا۔
محمد صالح اسوقت افریقہ کپ آف نیشنز (اے ایف کون) میں مصر کی نمائندگی کر رہے ہیں جہاں انہوں نے ٹیم کو سیمی فائنل تک پہنچانے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے، آئیوری کوسٹ کیخلاف سنسنی خیز کوارٹر فائنل مقابلے میں محمد صالح نے ایک نہایت اہم گول سکور کیا جس کے بعد مصر کیلئے انکے مجموعی گول اور اسسٹ کی تعداد 100 ہو گئی۔
محمد صالح گزشتہ 15برس سے مصر کی قومی فٹبال ٹیم کا اہم حصہ ہیں، انہوں نے مصر کیلئے 111 میچز کھیلے جن میں 65 گول سکور کئے اور 35 اسسٹ فراہم کئے یوں انکی مجموعی گول کنٹری بیوشن 100 تک پہنچ گئی۔
لیونل میسی نے ارجنٹینا کیلئے یہ سنگ میل 122 میچز جبکہ کرسٹیانو رونالڈو نے پرتگال کیلئے 136میچز میں حاصل کیا تھا۔
اس ریکارڈ تک سب سے تیزی سے پہنچنے کا اعزاز برازیلین لیجنڈ فٹبالر پیلے کے پاس ہے جنہوں نے یہ کارنامہ 77میچز میں انجام دیا تھا جبکہ نیمار نے 94میچز میں یہ ہدف حاصل کیا تھا، حال ہی میں ایک انٹرویو کے سبب 33سالہ محمد صالح کو لیورپول کے مڈ ویک چیمپئنز لیگ میچ میں انٹر میلان کیخلاف فتح کے باوجود ٹیم سے باہر رکھا گیا تھا۔




