قاہرہ (شِنہوا) چین اور افریقہ کے درمیان عوامی روابط کے تبادلوں کو فروغ دینے کے مقصد سے قاہرہ میں تبادلہ خیال کی ایک نشست منعقد ہوئی جس میں تقریباً 100 سفارت کاروں، چینی جامعات سے فارغ التحصیل مصری طلبہ اور چین اور مصر کے نوجوان نمائندوں نے شرکت کی۔
"نوجوانوں کے ذریعے چین۔افریقہ دوستی کا شاندار باب رقم کرنا” کے عنوان سے منعقدہ اس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مصر میں چین کے سفیر لیاؤ لی چھیانگ نے کہا کہ 2026 چین۔افریقہ عوامی روابط کے تبادلوں کا سال ہوگا اور اس وقت چین اور مصر کے تعلقات اپنی تاریخ کی بہترین سطح پر ہیں۔
لیاؤ نے کہا کہ چین۔مصر جامع تزویراتی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے لئے نوجوانوں کی فعال شرکت ضروری ہے جبکہ چین۔افریقہ مشترکہ مستقبل کی حامل برادری کی تعمیر کے لئے ان کی مسلسل کوششیں ناگزیر ہیں۔
لیاؤ نے مزید کہا کہ چینی اور مصری نوجوانوں کے درمیان تبادلے اور باہمی سمجھ بوجھ نے دونوں عوام کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم کیا ہے اور تہذیبوں کے درمیان باہم سیکھنے کی ایک جیتی جاگتی مثال پیش کی ہے۔
مصر میں چینی سفارت خانے اور چین میں مصری سکالرز کی ایسوسی ایشن کے تعاون سے منعقد ہونے والی تقریب میں دونوں ممالک کے نوجوان نمائندوں نے نوجوان سفارت کاروں کی تربیت، زبان کی تعلیم اور تعلیمی تبادلوں سمیت مختلف شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے نوجوانوں کی چین۔مصر اور چین۔افریقہ شراکت داری کو مزید گہرا کرنے کے لئے تجاویز بھی پیش کیں۔




