راولپنڈی: یوم دفاع 6 ستمبر کے موقع پر چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی، سروسز چیفس اور مسلح افواج نے شہداء کو خراج عقیدت پیش اور ملکی دفاع کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ59 سال قبل افواج پاکستان نے فیصلہ کن طور پر دشمن کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا اور تاریخی فتح حاصل کی جو قوم کے ناقابل تسخیر عزم اور غیرمتزلزل جذبے کی مثال ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کے 59 ویں یوم دفاع و شہدا کے موقع پر چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی، سروسز چیفس اور مسلح افواج نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ہم 1965 کی جنگ کی فاتحانہ وراثت کو فخر کے ساتھ یاد کررہے ہیں، جو قوم کے ناقابل تسخیر عزم اور غیرمتزلزل جذبے کی مثال ہے۔بیان میں کہاگیا ہے کہ یہ دن مادر وطن کا بہادری سے دفاع کرنے والے بہادر جوانوں کی قربانی اور بہادری کو خراج تحسین پیش کرتا ہے،59 سال قبل افواج پاکستان نے فیصلہ کن طور پر دشمن کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا اور ایک تاریخی فتح حاصل کی جو تاریخ میں ہمیشہ کیلئے لکھی جائے گی۔
آئی ایس پی آر کے بیان میں کہاگیاہے کہ 1965ء کی جنگ امید کی کرن تھی جس نے مصیبت کے وقت قوم کی لچک اور عزم کی مثال دیکھی، افواج تمام خطرات اور چیلنجوں سے ملک کے دفاع کیلئے عزم کا اعادہ کرتی ہے۔
بیان میں تمام شہداء اور ویٹرنز کے اہل خانہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ شہدا کے لواحقین نے اپنے پیاروں کی قربانیوں کو ہمت کے ساتھ برداشت کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق یوم دفاع کے موقع پر شہداء اور ہیروز کو خراج عقیدت پیش کریں،شہدا کی قربانیاں مضبوط، خوشحال اور پرامن پاکستان کیلئے جدوجہد کرنے کی ترغیب دیتی رہیں گی۔
