بیجنگ: چین کے وزیر اعظم لی چھیانگ سے ایتھوپیا کے وزیر اعظم ابی احمد نے ملاقات کی جو چین افریقہ تعاون فورم (ایف او سی اے سی) 2024 کے سربراہ اجلاس شرکت کیلئے سرکاری دورے پر بیجنگ میں ہیں۔
اس موقع پر لی چھیانگ نے کہا کہ دونوں ممالک کو ترقیاتی حکمت عملیوں میں گہری ہم آہنگی پیدا کرنی سمیت تجارت اور سرمایہ کاری کے پیمانے کو بڑھانا چاہئے، رابطے کو بڑھانا چاہئے اور نئی توانائی، ڈیجیٹل معیشت اور مصنوعی ذہانت جیسی ابھرتی ہوئی صنعتوں میں فعال طور پر تعاون تلاش کرنا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ چین ایتھوپیا سے مزید معیاری مصنوعات درآمد کرنے اور مزید چینی کمپنیوں کو ایتھوپیا میں سرمایہ کاری کرنے کی ترغیب دینے کا خواہاں ہے۔
لی نے مزید کہا کہ چین برکس تعاون میں مکمل طور پر ضم ہونے میں ایتھوپیا کی حمایت کرتا ہے اور ایتھوپیا کے ساتھ عالمی جنوبی تعاون کو آگے بڑھانے کے لئے تیار ہے۔
دوران ملاقات ایتھوپیا کے صدر نے کہا کہ ایتھوپیا ایف او سی اے سی سربراہ اجلاس کے نتائج پر عمل درآمد پر زور دینے، اصلاحات اور کھلے پن میں چین کے کامیاب تجربے سے سیکھنے، افریقہ چین تجارت کو مزید وسعت دینے اور افریقہ کے صنعتی عمل کو فروغ دینے کے لئے تیار ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایتھوپیا چین کے ساتھ معیشت، تجارت، سرمایہ کاری، صنعت، زراعت، سائنس ٹیک جدت طرازی، ڈیجیٹل معیشت، سکیورٹی، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سیاحت کے شعبوں میں تعاون کو گہرا کرنے کا خواہاں ہے۔
ملاقات کے بعد لی اور ابی نے بیلٹ اینڈ روڈ تعاون، اقتصادی اور تجارتی تعاون، چین کو زرعی مصنوعات کی برآمدات، خلائی ٹیکنالوجی، زمینی سائنس، سبز اور کم کاربن اخراج پر مبنی ترقی، دیہی ترقی، لوگوں کے ذریعہ معاش، انصاف اور میڈیا پر دوطرفہ تعاون کی دستاویزات پر دستخطوں کی تقریب میں شرکت کی۔
