یوکرین کے صدر ولودومیر زیلنسکی نے جنگ بندی معاہدہ ہونے پر یوکرین کو 15 سال سے زائد کی سکیورٹی ضمانتیں دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یوکرین کو 15 سال سے زیادہ عرصے پر محیط طویل مدتی سکیورٹی ضمانتیں فراہم کرنے کے معاملے پر فی الحال توقف اختیار کیا ہے لیکن امید ہے کہ اگلی ملاقات کے بعد اس حوالے سے واضح جواب مل جائیگا۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے زیلنسکی نے کہا کہ انہوں نے صدر ٹرمپ سے گزشتہ ملاقات کے دوران یہ معاملہ اٹھایا تھا اور یوکرین کیلئے مضبوط اور طویل المدتی سکیورٹی وعدوں کی ضرورت پر زور دیا تھا، انہوں نے ٹرمپ سے ایک بار پھر ملاقات کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ وہ امن مذاکرات میں سب سے مشکل 2 مسائل پر بات کرنا چاہتے ہیں جن میں ڈونیسٹک علاقے کا مستقبل اور زاپوریز پا نیوکلیئر پاور پلانٹ کا کنٹرول شامل ہے۔




