رملہ(شِنہوا)فلسطین نے اسرائیل کی جانب سے فلسطینی علاقوں بالخصوص غزہ کی پٹی میں مصروف عمل انسانی ہمدردی اور امداد کی 37 بین الاقوامی تنظیموں کے اجازت نامے منسوخ کرنے کے فیصلے کو مسترد کیا ہے۔
فلسطینی وزارت خارجہ نے ایک پریس بیان میں اسرائیلی حکام کی جانب سے پابندی کے لئے پیش کی گئی وجوہات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے زور دیا کہ یہ تنظیمیں فلسطینیوں کو نہایت اہم انسانی، صحت اور ماحولیاتی امداد فراہم کرتی ہیں۔
وزارت نے اس بات کا اعادہ کیا کہ اسرائیل کو القدس سمیت مقبوضہ فلسطینی علاقوں پر کوئی خودمختاری حاصل نہیں ہے اور اس امر پر زور دیا کہ ریاست فلسطین طے شدہ انسانی ہمدردی کے معیارات کے مطابق کام کرنے والی قومی اور بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ تنظیموں کے کام کا خیرمقدم کرتی ہے۔
بیان میں ان تنظیموں کے کام کو روکنے کے لئے اسرائیل کے اقدامات کو ’’قزاقی اور غنڈہ گردی‘‘ قرار دیا گیا اور انہیں بین الاقوامی قوانین اور ضوابط کی صریح خلاف ورزی کہا گیا۔ بیان میں اس بات پر زور دیا گیا کہ کسی بھی فریق کو ان کی خدمات معطل کرنے یا ان کی سرگرمیوں میں رکاوٹ ڈالنے کا حق حاصل نہیں ہے۔
اسرائیل نے منگل کے روز اعلان کیا تھا کہ غزہ اور مغربی کنارے میں کام کرنے والی 37 بین الاقوامی غیر منافع بخش تنظیموں کے لائسنس یکم جنوری 2026 کو ختم ہو جائیں گے اور دعویٰ کیا تھا کہ یہ تنظیمیں اس کی نئی رجسٹریشن کی شرائط پر پورا نہیں اترتیں۔




