رام اللہ: فلسطین نے ایک بار پھر اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ وہ غزہ اور مصر کی سرحد پر فلاڈیلفی راہداری یا رفح کراسنگ پر اسرائیلی فوج کی موجودگی کو مسترد کر دیں گے۔
سرکاری خبر رساں ادارے وفا کے مطابق ایک بیان میں فلسطینی ایوان صدر نے اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو کے مصر سے غزہ میں ہتھیاروں کی سمگلنگ سے متعلق بیان کو تنقید کا نشانہ بنایا اور ان پر عوام کا دھیان ہٹانے، جنگ بندی کے معاہدے سے بھاگنے اور فلسطینی عوام کے خلاف فوجی کارروائیاں جاری رکھنےکا الزام عائد کیا۔
نیتن یاہو نے کہا تھا کہ اسرائیل فلاڈیلفی راہداری سے دستبردار نہیں ہوگا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہا تھا کہ ہمیں اسے اپنے کنٹرول میں رکھنے کی ضرورت ہے کیونکہ مصر سے غزہ میں مستقبل میں ہتھیاروں کی اسمگلنگ کو روکنے کے لئے وہاں اسرائیل کی موجودگی اہم ہے۔
