ویانا:بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) کے سربراہ نے کہا ہے کہ ایجنسی یوکرین کے توانائی کے بنیادی ڈھانچے کے تحفظ کے لئے مدد میں اضافہ کرے گی، جو اس کے جوہری بجلی گھروں (این پی پیز) کی حفاظت کے لئے اہم ہے۔
آئی اے ای اے کے ڈائریکٹر جنرل رافیل گروسی نے یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی سے کیف میں ملاقات کے بعد ایک بیان میں اس اقدام کا اعلان کیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ اقدام متعدد میزائل حملوں کے بعد اٹھایا گیا ہے جس کی وجہ سے یا تو براہ راست متعدد جوہری پاور ری ایکٹرز منقطع ہوگئے ہیں یا قومی گرڈ میں خطرناک عدم استحکام پیدا ہوا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اقوام متحدہ کا جوہری نگراں ادارہ جلد ہی یوکرینی گرڈ کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھنے والے یوکرین کے تباہ شدہ کچھ ذیلی سٹیشنز پر ماہرین کی ایک ٹیم بھیجے گا، جو وہاں کی صورتحال کا جائزہ لیں گے۔
گروسی نے کہا کہ نیوکلیئر پاور پلانٹس کو چلانے کی حفاظت کا انحصار بجلی کے گرڈ سے مستحکم اور قابل اعتماد کنکشن پر ہے۔ اس سلسلے میں صورتحال تیزی سے کمزور اور ممکنہ طور پر خطرناک ہوتی جا رہی ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ گروسی اس ہفتے کے آخر میں یورپ کے سب سے بڑے این پی پیز میں سے ایک زاپوریژیا جوہری بجلی گھر کا بھی دورہ کریں گے تاکہ وہاں جوہری تحفظ کی صورتحال کا جائزہ لیا جا سکے۔
