ہانگ کانگ(شِنہوا)ہیتاؤ شین زین۔ہانگ کانگ سائنس و ٹیکنالوجی اختراعی تعاون زون کے ہانگ کانگ پارک کی افتتاحی تقریب پیر کے روز یہاں منعقد ہوئی جس کی صدارت ہانگ کانگ خصوصی انتظامی خطے کے چیف ایگزیکٹو جان لی نے کی۔
ہیتاؤ شین زین۔ہانگ کانگ سائنس و ٹیکنالوجی اختراعی تعاون زون کا قیام "ایک دریا، 2 کنارے” اور "ایک زون، 2پارکس” کے تصور کے تحت عمل میں لایا گیا ہے۔ یہ زون 87 ہیکٹر پر مشتمل ہانگ کانگ پارک اور 300 ہیکٹر پر مشتمل شین زین پارک پر مشتمل ہے۔ ہیتاؤ ہانگ کانگ پارک ناردرن میٹروپولس میں واقع ہے جو چین کے جنوبی ٹیکنالوجی مرکز شین زین کی سرحد سے متصل علاقہ ہے۔
ہانگ کانگ خصوصی انتظامی خطے کی حکومت کی جانب سے 2024 میں جاری کئے گئے تعاون زون کے ترقیاتی خاکے کے مطابق ہیتاؤ ہانگ کانگ پارک 4 بڑے ترقیاتی پہلوؤں پر توجہ مرکوز کرے گا جن میں عالمی معیار کی صنعت، تعلیم اور تحقیق کے پلیٹ فارم کی تعمیر، صنعتوں کے لئے بین الاقوامی مسابقتی تحقیق و ترقی (آر اینڈ ڈی) کی منتقلی اور آزمائشی پیداوار کے مرکز کا قیام، عالمی اختراع اور ٹیکنالوجی وسائل کو یکجا کرنے کے مرکز کی تشکیل اور ادارہ جاتی اور پالیسی اختراع کے لئے تجرباتی میدان کی تیاری شامل ہیں۔




