بیجنگ(شِنہوا)چینی وزارت خارجہ کے ایک ترجمان نے پیر کے روز کہا ہے کہ امریکہ کی جانب سے غیر ملکی بحری جہازوں پر بلا جواز قبضہ بین الاقوامی قانون کی سنگین خلاف ورزی ہے۔
ترجمان لین جیان نے یہ بات میڈیا کے ایک سوال کے جواب میں کہی جو 20 دسمبر کو مقامی وقت کے مطابق امریکی کوسٹ گارڈ کی جانب سے ایک آئل ٹینکر کی ضبطی سے متعلق تھا، جس کے بارے میں وائٹ ہاؤس کے ایک اہلکار نے دعویٰ کیا کہ یہ جہاز نام نہاد "شیڈو فلیٹ” سے تعلق رکھتا ہے۔
لین جیان نے یومیہ پریس بریفنگ میں کہا کہ چین ہمیشہ ایسے غیر قانونی یکطرفہ پابندیوں کی مخالفت کرتا ہے جن کی بین الاقوامی قانون میں کوئی بنیاد نہیں ہوتی اور جنہیں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی منظوری حاصل نہیں ہوتی۔ چین ان تمام اقدامات کی بھی مخالفت کرتا ہے جو اقوام متحدہ کے چارٹر کے مقاصد اور اصولوں کی خلاف ورزی کریں، دیگر ممالک کی خودمختاری اور سلامتی کو نقصان پہنچائیں یا یکطرفہ غنڈہ گردی کے مترادف ہوں۔
لین جیان نے مزید کہا کہ وینزویلا کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ دیگر ممالک کے ساتھ باہمی مفاد پر مبنی تعاون کو آزادانہ طور پر فروغ دے اور چین کا ماننا ہے کہ بین الاقوامی برادری وینزویلا کے جائز حقوق کے تحفظ سے متعلق موقف کو سمجھتی ہے اور اس کی حمایت کرتی ہے۔




