وفاقی وزیر امور کشمیر وگلگت بلتستان انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ بھارتی آبی جارحیت قابل مذمت ہے، اپنے حق کیلئے آخری حد تک جانے کیلئے تیار ہیں، مسئلہ کشمیر اولین ترجیح ہے، عوام کو کبھی مایوس نہیں کریں گے۔
پیر کو مظفر آباد میں حلقہ شرقی باغ سے رکن قانون ساز اسمبلی سردار میر اکبر کے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کے موقع پر تقریب کا انعقاد ہوا۔
اس موقع پر آزاد کشمیر کے دیگر لیگی رہنمائوں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے امیر مقام نے کہا کہ ماضی میں جو ہوا وہ گزر گیا، اب ہم ایک ہیں، ہمارا قائد نواز شریف ہے، آزاد کشمیر میں مسلم لیگ ن کو مضبوط اور منظم دیکھ کر خوشی ہو رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیر کا مسئلہ ہماری اولین ترجیح ہے، کشمیر کے عوام کو کبھی مایوس نہیں کریں گے، کشمیری پاکستان کی نظریاتی سرحدوں کے محافظ ہیں اور فرنٹ لائن پر ڈٹے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کی آبی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہیں، اپنے حق کیلئے پاکستان آخری حد تک جانے کیلئے بھی تیار ہے۔




