بیجنگ(شِنہوا)چین کے قانون ساز ایک مسودہ قانون کا پہلی بار جائزہ لے رہے ہیں، جس کا مقصد بچوں کی نگہداشت کی خدمات کو فروغ دینا اور ان کا ضابطہ بنانا، تین سال سے کم عمر بچوں کے لئے قانونی تحفظ مضبوط کرنا اور بچوں کی پیدائش و پرورش سے متعلق معاون پالیسیوں کو بہتر بنانا ہے۔
بچوں کی نگہداشت کا یہ مسودہ پیر کے روز قومی قانون ساز ادارے، قومی عوامی کانگریس (این پی سی) کی قائمہ کمیٹی کے جاری اجلاس میں پہلی بار غور کے لئے پیش کیا گیا۔
این پی سی کی تعلیم، سائنس، ثقافت اور عوامی صحت کمیٹی کے چیئرمین لو شوگانگ کے مطابق اس مسودہ قانون کی تیاری 2023 میں شروع کی گئی تھی۔ بعد ازاں بیجنگ، چین کے جنوبی صوبے گوانگ ڈونگ، شمال مشرقی صوبہ حئی لونگ جیانگ اور شمالی اندرونی منگولیا سمیت مختلف علاقوں میں تفصیلی دورے کئے گئے تاکہ مقامی بچوں کی نگہداشت کی خدمات اور طریقہ کار کو بہتر طور پر سمجھا جا سکے اور اہم مسائل کو قانون سازی کے ذریعے حل کیا جا سکے۔
آٹھ باب اور 76 دفعات پر مشتمل یہ مسودہ قانون طلب پر مبنی اور مسائل پر توجہ دینے والے طریقہ کار کو اپناتا ہے تاکہ خدمات کا معیار، فراہم کنندگان کی اہلیت اور اداروں کی نگرانی و ضابطہ کاری جیسے بچوں کی نگہداشت کی خدمات میں درپیش اہم مسائل کو حل کیا جا سکے۔
اس کا مقصد بچوں کی نگہداشت کی سستی سہولتوں میں اضافہ کرنا، بچوں کی پرورش کے اخراجات کم کرنا اور ایک متنوع، محفوظ، اعلیٰ معیار کا مناسب قیمت پر آسانی سے دستیاب بچوں کی نگہداشت کا عوامی نظام قائم کرنا ہے۔
مزید برآں یہ قانون نگرانی کے نظام کو مضبوط بناتا ہے تاکہ حفاظتی معیار پر عملدرآمد یقینی ہو اور بچوں کی فلاح و بہبود کا تحفظ کیا جا سکے۔




