کولمبو(شِنہوا)چین کی قومی عوامی کانگریس (این پی سی) کے وفد کے 16 سے 18 دسمبر تک ہونے والے دورے کے دوران چین اور سری لنکا نے دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ اور وسعت دینے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
وفد کی قیادت این پی سی کی قائمہ کمیٹی کے وائس چیئرمین وانگ ڈونگ منگ کر رہے تھے جنہوں نے سری لنکا کے صدر انورا کمارا ڈیسانائیکے، وزیراعظم ہرینی اماراسوریا سے ملاقات کی اور پارلیمنٹ کے اسپیکر جگت وکرما رتنے سے بات چیت کی۔
وانگ نے کہا کہ چین اور سری لنکا ایسے پڑوسی ہیں جو دیرینہ دوستی کے رشتے میں بندھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ چین بیلٹ اینڈ روڈ کے اعلیٰ معیار کے تعاون کو آگے بڑھانے اور دونوں ممالک کے قانون ساز اداروں کے درمیان تبادلوں اور دیگر مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے سری لنکا کے ساتھ مل کر کام کرنے کا خواہشمند ہے۔
انہوں نے چین-سری لنکا اسٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ کو آگے بڑھانے اور مشترکہ مستقبل کے حامل چین-سری لنکا کمیونٹی کی تعمیر کے لیے چین کی آمادگی کا بھی اظہار کیا۔
سری لنکن حکام نے دونوں ممالک کے تعلقات کو پائیدار اور متحرک قرار دیتے ہوئے اسے سراہا اور سری لنکا میں حالیہ شدید خراب موسم کے دوران بروقت آفات سے بچاؤ کی امداد فراہم کرنے پر چین کا شکریہ ادا کیا۔
سری لنکا نے ایک- چین اصول پر اپنے پختہ عزم کا اعادہ کیا اور دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعاون کو مزید آگے بڑھانے پر آمادگی کا اظہار کیا۔



