راولپنڈی: اے این ایف نے ملک گیر 8 کارروائیوں میں 11من سے زائد منشیات برآمد کر کے 9 ملزمان گرفتار کرلئے۔ تفصیلات کے مطابق اے این ایف کی ملک بھر، خاص کر تعلیمی اداروں کے اردگرد منشیات کی سمگلنگ کیخلاف کارروائیاں جاری ہیں۔
ترجمان کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 8 کارروائیوں میں 12 کروڑ روپے مالیت کی 456 کلو منشیات برآمد کر کے 9 ملزمان کو گرفتار کیاگیا ہے۔ترجمان کے مطابق پشاور میں یونیورسٹی کے قریب دو کارروائیوں میں دو ملزمان سے 1.6 کلو گرام چرس، اسلام آباد میں یونیورسٹی کے قریب ملزم سے 500 گرام افیون برآمد کی گئی ہے۔قلعہ عبداللّٰہ سے 175 کلو چرس، گرین ٹاؤن کنگنی سیالکوٹ روڈ کے قریب تین ملزمان سے 40 کلو افیون اور
164 کلو چرس، چمن سے 52 کلو ہیروئین، شمالی بائی پاس پشاور کے قریب گاڑی سے 17 کلو آئس برآمد کر کے 2 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، کنال روڈ لاہور کینٹ کے قریب سے بھی ملزم سے 6 کلو چرس برآمد کی گئی ہے۔ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان کیخلاف انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
ترجمان کے مطابق اے این ایف کی کوششیں نوجوانوں کیلئے منشیات سے پاک ماحول کو یقینی بنانے،محفوظ اور صحتمند معاشرے کے فروغ کیلئے اِن کے عزم کو اجاگر کرتی ہیں۔
