واشنگٹن(شِنہوا)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک حکم نامے پر دستخط کئے ہیں جس کے تحت داخلے کی مکمل یا جزوی پابندیوں والے ممالک کی فہرست میں اضافہ کیا گیا ہے۔
وائٹ ہاؤس نے ایک حقائق نامہ میں کہا ہے کہ ٹرمپ نے ایسے ممالک کے شہریوں پر داخلے کی پابندیاں بڑھانے اور سخت کرنے کے لئے حکم نامے پر دستخط کئے ہیں جہاں جانچ، تصدیق اور معلومات کے تبادلے میں واضح، مستقل اور شدید خامیاں پائی گئی ہیں تاکہ قوم کو سلامتی اور عوامی تحفظ کے خطرات سے محفوظ رکھا جا سکے۔
تازہ ترین تجزیے کی بنیاد پر مزید پانچ ممالک برکینا فاسو، مالی، نائیجر، جنوبی سوڈان اور شام پر مکمل پابندیاں اور داخلے کی حدود لگا دی گئی ہیں۔ اس کے ساتھ ہی فلسطینی اتھارٹی کے جاری کردہ سفری دستاویزات رکھنے والے افراد پر بھی مکمل پابندیاں اور داخلے کی حدود عائد کی گئی ہیں۔
اس حکم نامے کے تحت مزید 15 ممالک پر جزوی پابندیاں اور داخلے کی حدود بھی عائد کی گئی ہیں، جن میں انگولا، انٹیگوا اور باربودا، بینن، آئیوری کوسٹ، ڈومینیکا، گیبون، گیمبیا، ملاوی، موریطانیہ، نائیجیریا، سینیگال، تنزانیہ، ٹونگا، زیمبیا اور زمبابوے شامل ہیں۔



