تہران(شِنہوا)ایران اور روس نے اس امر کا اعادہ کیا ہے کہ وہ جنوبی ایشیا کو شمالی یورپ سے جوڑنے والے بین الاقوامی روٹ کی تکمیل کی رفتار بڑھانے کے لئے پرعزم ہیں۔
ایران کے سرکاری خبر رساں ادارے ارنا کی رپورٹ کے مطابق ایران کے دارالحکومت تہران میں ایک اجلاس کے دوران ایران کی اعلیٰ قومی سلامتی کونسل کے سیکرٹری علی لاریجانی اور روس کے نائب وزیراعظم برائے نقل و حمل وٹالی ساؤلیوف نے بین الاقوامی شمال-جنوب ٹرانسپورٹ راہداری ( آئی این ایس ٹی سی) منصوبے کی تکمیل پر تبادلہ خیال کیا۔
لاریجانی نے منصوبے کے نفاذ کے لئے ایران کی تیاری سے متعلق بتایا کہ ایران مستقبل قریب میں موجودہ انتظامی اور عملی رکاوٹیں دور کرے گا اور منصوبے کے قانونی اور انتظامی نفاذ کو مضبوط کرنے کے لئے ضروری معاہدے کرے گا۔
ساؤلیوف نے اس موقع پر ایران کے فیصلہ کن رویے کا خیرمقدم کیا اور ماسکو کی جانب سے منصوبے کو عملی شکل دینے کے مرحلے کی تیاری کا اظہار کیا۔
فریقین نے اس بات پر زور دیا کہ آئی این ایس ٹی سی دونوں ممالک کی مشترکہ حکمت عملی کا حصہ ہے تاکہ دو طرفہ پائیدار تعاون کو مضبوط کیا جا سکے اور خودمختار علاقائی رابطے کے راستے قائم کئے جا سکیں۔
جولائی 2023 میں ایران اور روس نے آئی این ایس ٹی سی کے حصے کے طور پر ایران میں ایک ریلوے کی تعمیر کے لئے ایک عملی معاہدے پر دستخط کئے تھے۔ 162 کلومیٹر طویل یہ ریلوے مکمل ہونے پر ایران کے شمالی شہروں راشت اور آستارا کو آپس میں ملائے گی۔



