واشنگٹن(شِنہوا)امریکی فوج نے مشرقی بحرالکاہل کے بین الاقوامی سمندر میں مبینہ منشیات بردار 3 کشتیوں کو تباہ کر دیا جس کے نتیجے میں ان پر سوار 8 افراد ہلاک ہو گئے۔
امریکی سدرن کمانڈ نے ایک پوسٹ میں کہا کہ امریکی انٹیلی جنس نے تصدیق کی کہ یہ کشتیاں جنہیں نامزد دہشت گرد تنظیمیں چلا رہی تھیں، "منشیات کی سمگلنگ میں ملوث” تھیں اور مشرقی بحر الکاہل میں معروف سمگلنگ راستوں پر سے گزر رہی تھیں۔ تاہم اس حوالے سے کوئی ثبوت پیش نہیں کیا گیا۔
پوسٹ میں کہا گیا کہ یہ حملے وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ کی ہدایت پر کئے گئے جس میں "8 مرد منشیات فروش دہشت گرد” ہلاک ہوئے۔
پینٹاگون نے ستمبر کے آغاز سے اب تک کیریبین اور مشرقی بحر الکاہل میں 25 سے زیادہ مبینہ منشیات بردار کشتیوں کو ڈبو دیا ہے جن میں سوار کم از کم 95 افراد ہلاک ہوئے۔
حالیہ ہفتوں میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بارہا کہا کہ امریکی فوج جلد ہی کیریبین میں منشیات سمگلروں کے خلاف زمینی حملے شروع کرے گی جس سے امریکہ اور وینزویلا کے درمیان کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے۔
ٹرمپ انتظامیہ نے گزشتہ ہفتے وینزویلا کے ساحل کے قریب ایک آئل ٹینکر قبضے میں لیا اور وینزویلا کے صدر نکولس مادورو کی اہلیہ کے 3 بھتیجوں، مادورو سے وابستہ ایک کاروباری شخصیت اور وینزویلا سے تیل پہنچانے والی 6 کمپنیوں پر نئی پابندیاں عائد کیں۔



