دارالسلام(شِنہوا)چین اور افریقہ کے مشترکہ اقدام کے تحت یتیم بچوں کی فلاح و بہبود کو فروغ دینے کے لئے تنزانیہ مین لینڈ اور زنجیبار میں تعینات چینی طبی ٹیموں نے ہفتے کے اختتام پر دارالسلام کے 2 یتیم خانوں میں بچوں کو مفت طبی خدمات فراہم کیں۔
تنزانیہ مین لینڈ میں 27 ویں چینی طبی ٹیم اور زنجیبار میں 35ویں چینی طبی ٹیم نے زیدیہ یتیم خانہ مرکز اور عاشورہ یتیم خانہ مرکز میں فلاحی سرگرمیاں انجام دیں جہاں 24 طبی ماہرین نے بچوں کے مکمل طبی معائنے کئے اور ان کی صحت مند نشوونما کے لئے پیشہ ورانہ طبی مشورے فراہم کئے۔
’’بچوں کے دلوں کو گرمجوشی دینا‘‘ کے عنوان سے منعقد کی گئی یہ سرگرمی تنزانیہ میں چینی سفارت خانے کی جانب سے منعقد کی گئی۔ اس موقع پر خوراک، سکول بیگز اور سٹیشنری بھی عطیہ کی گئی۔
دونوں طبی ٹیموں کے سربراہان ژانگ کائی اور باؤ زینگ تاؤ نے بچوں کے لئے اپنی گہری تشویش کا اظہار کیا۔ بچوں کی آنکھوں، کانوں اور صحت سے متعلق دیگر امراض کی سکریننگ کی گئی جس میں الٹراساؤنڈ معائنے بھی شامل تھے۔
باؤ زینگ تاؤ نے کہا کہ خطے میں تیز دھوپ کے باعث آنکھوں کی بیماریوں پر خصوصی توجہ دی گئی جبکہ الٹراساؤنڈ کے ذریعے طفلی بیماریوں کی جانچ بھی کی گئی۔
تنزانیہ میں چین کی سفیر چھن منگ جیان نے کہا کہ یہ سرگرمی معاشرے بالخصوص بچوں اور خواتین کی صحت بہتر بنانے میں چین اور تنزانیہ کے مسلسل تعاون کی عکاس ہے۔



