اقوام متحدہ(شِنہوا)نیویارک میں اقوام متحدہ ہیڈکوارٹرز میں فرینڈز آف گلوبل گورننس گروپ باضابطہ طور پر قائم کر دیا گیا۔
گروپ کے تقریباً 40 بانی رکن ممالک کے نمائندوں نے افتتاحی اجلاس میں شرکت کی، جس کی صدارت اقوام متحدہ میں چین کے مستقل مندوب فو کانگ نے کی۔
فو نے اپنے خطاب میں کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) پلس اجلاس میں تجویز کئے گئے عالمی نظم ونسق اقدام (جی جی آئی) کی رہنمائی کے تحت چین نے فرینڈز آف گلوبل گورننس گروپ کے قیام کو فروغ دیا۔
انہوں نے کہا کہ چین تمام شراکت داروں کے ساتھ تعاون کرنے کا خواہش مند ہے تاکہ عالمی نظم ونسق کے بڑے معاملات، مشترکہ طاقت کو جمع کرنے، کثیرالجہتی کے اصول کو برقرار رکھنے اور انصاف پر مبنی مستقبل کے لئے مل کر کام کرنے کے حوالے سے تبادلوں اور تعاون کو گہرا کیا جاسکے۔
انہوں نے کہا کہ فرینڈز آف گلوبل گورننس گروپ اقوام متحدہ کے تمام رکن ممالک کے لئے کھلا ہے، ہم مزید ہم خیال ممالک کو خوش آمدید کہیں گے اور رکن ممالک کی حوصلہ افزائی کریں گے کہ وہ دیگر ممالک، اقوام متحدہ کے سیکرٹریٹ اور متعلقہ عالمی اداروں کے ساتھ رابطوں اور تعاون کو مستحکم کریں۔
اجلاس کے بعد مشترکہ اعلامیے میں فرینڈز آف گلوبل گورننس گروپ نے کہا کہ اس گروپ کا قیام جی جی آئی کے نفاذ کی طرف اہم قدم ہے اور یہ عالمی نظم ونسق نظام میں اصلاحات اور اس کی بہتری کے لئے مشترکہ دانش اور فعال مشترکہ کوششیں کرنے کا جامع پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ اس گروپ کے ذریعے ہم عالمی نظم و نسق کے مسائل پر مکالمے اور ہم آہنگی کو مزید گہرا کرنے، متعلقہ فریقوں کے ساتھ روابط قائم کرنے، اپنی اجتماعی آواز کو بلند کرنے، اتفاق رائے کو قائم اور اسے وسعت دینے اور ایسے ٹھوس نتائج فراہم کرنے کے لئے پرعزم ہیں جو ہماری عوام کی خواہشات اور ہماری اقوام کی جائز امنگوں کے مطابق ہوں۔




