کیف/واشنگٹن/ماسکو(شِنہوا)یوکرینی صدر وولو دیمیر زیلنسکی نے کہا ہے کہ یوکرین کے متعلق امن منصوبے پر امریکی نمائندوں کے ساتھ مذاکرات تعمیری رہے تاہم یہ آسان نہیں تھے۔ وہ رواں ہفتے یورپی رہنماؤں کے ساتھ بھی ملاقات کریں گے۔
زیلنسکی نے اپنے شام کے ویڈیو خطاب میں کہا کہ امریکی نمائندے یوکرین کے بنیادی موقف سے آگاہ ہیں۔بات چیت تعمیری تھی تاہم آسان نہیں تھی۔
متعلقہ فریقین کے درمیان گزشتہ کچھ دنوں سے وسیع پیمانے پر سفارتی کوششیں جاری ہیں۔
میامی میں امریکی اور یوکرینی نمائندوں کے درمیان مذاکرات کے اختتام پر زیلنسکی نے صدر ٹرمپ کے خصوصی ایلچی سٹیو وٹکوف اور ٹرمپ کے داماد جیرڈ کشنر کے ساتھ ٹیلی فون پر بات چیت کی۔ یوکرینی صدر نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ یہ فون کال طویل اور جامع تھی۔ انہوں نے کہا کہ یوکرین خلوص نیت سے امریکہ کے ساتھ کام کرنے کے لئے پر عزم ہے تاکہ حقیقی امن حاصل کیا جا سکے۔
یوکرین کے صدر کی برطانوی، فرانسیسی اور جرمن رہنماؤں کے ساتھ بھی ملاقاتیں متوقع ہیں ۔مزید بات چیت برسلز میں ہو گی۔




