منگل, دسمبر 9, 2025
پاکستانشہباز شریف نے گوادر، گلگت بلتستان میں بجلی بحران کے خاتمے کیلئے...

شہباز شریف نے گوادر، گلگت بلتستان میں بجلی بحران کے خاتمے کیلئے جامع منصوبوں کی منظوری دیدی

وزیراعظم شہباز شریف نے گوادر اور گلگت بلتستان میں بجلی بحران کے خاتمے کیلئے جامع منصوبوں کی منظوری دیدی جبکہ اداروں کو ہم آہنگی سے کام کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کی معاشی ترقی و عوامی فلاح حکومت کی ترجیح ہے، گوادر میں بلا تعطل بجلی فراہمی سے معاشی سرگرمیوں اور سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا، سہولیات فراہمی سے گوادر بندرگاہ مستقبل میں معاشی سرگرمیوں کا مرکز بن جائے گی۔

پیر کو وزیراعظم کی زیر صدارت پاور سیکٹر میں جاری اصلاحات پر جائزہ اجلاس ہوا۔

وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ گوادر میں گھریلو و کاروباری صارفین کو بجلی فراہمی یقینی بنانے کیلئے موثر اور مفید اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، فوری اقدامات سے بجلی فراہمی میں تعطل کو 42 فیصد پہلے ہی کم کیا جا چکا ہے، بجلی فراہمی میں تعطل ختم کرنے کے بعد، آئندہ 6ماہ میں گوادر میں فراہم کردہ بجلی کی وولٹیج کو مستحکم کرنے کیلئے بھی جامع پلان ترتیب دیا جا چکا ہے۔

وزیراعظم کو بتایا گیا کہ قلیل مدتی پراجیکٹس میں آئندہ 8سے 12ماہ میں بڑے سرکاری اداروں میں 9.7 میگا واٹ کی سولر کپیسٹی نصب کی جائے گی، گوادر کے طویل مدتی پراجیکٹس میں 40 میگا واٹ کا منصوبہ مستحکم بجلی کی سپلائی کو یقینی بنانے کیلئے نصب کیا جائے گا، گوادر میں جاری صنعتی اور معاشی ترقی، گوادر کی بندرگاہ اور شہری علاقوں میں توسیع کے باعث آئندہ سالوں میں بجلی کی طلب میں 30فیصد اضافے کا امکان ہے۔

وفاقی وزیر نے بتایا کہ گلگت بلتستان میں سو میگا واٹ کا سولر پراجیکٹ دو حصوں پر مشتمل ہے جس میں 18میگا واٹ چھتوں پر سولر پروگرام اور 82میگا واٹ یوٹیلٹی سکیل سولر پر مشتمل ہے، گلگت بلتستان میں چھتوں اور یوٹیلٹی سطح پر سولر پراجیکٹ کو 2027تک مکمل کیا جائے گا۔

وزیراعظم کو بتایا گیا کہ گلگت بلتستان کی حکومت اور وزارت توانائی کے مشترکہ پراجیکٹس سے حکومت کو سالانہ ایک ارب روپے کی بچت ہوگی، حکومت گلگت بلتستان بجلی کے منصوبوں کیلئے زمین، مواصلات، انفراسٹرکچر اور دیگر سہولیات کی فراہمی مقررہ وقت میں یقینی بنائے گی۔

اس موقع پر وزیراعظم نے گوادر پورٹ سٹی میں بجلی کی فراہمی میں درپیش مسائل کو ختم کرنے کیلئے جامع منصوبہ پر فوری عملدرآمد کی منظوری دیتے ہوئے کہا کہ گوادر پورٹ سٹی کو بلا تعطل، مناسب قیمت اور قابل بھروسہ بجلی کی فراہمی کے منصوبوں پر تمام متعلقہ ادارے ہم آہنگی سے کام کریں۔

انہوں نے کہا کہ 100میگا واٹ سولر پراجیکٹ سے گلگت بلتستان میں ماحولیاتی اعتبار سے صاف بجلی کی بلا تعطل اور مستحکم فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔

وزیراعظم نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام کی فلاح و بہبود اور معاشی ترقی، وفاقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، گلگت میں صنعتی سرگرمیوں، سرمایہ کاری اور معاشی ترقی کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ بجلی مسائل کو حل کرنے کیلئے احسن اقبال کی سربراہی میں بننے والی کمیٹی اور وزرات توانائی کی سفارشات اور اقدامات قابل تحسین ہیں، تیار کردہ جامع حکمت عملی میں شامل فوری، قلیل مدتی اور طویل مدتی پراجیکٹس پر وزارت توانائی موثر عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔

انہوں نے کہا کہ گوادر میں بجلی کی بلا تعطل فراہمی، ملکی معاشی سرگرمیوں اور سرمایہ کاری میں ترقی کو یقینی طور پر بڑھانے کا سبب بنے گی، صنعتوں کیلئے بجلی کی فراہمی کو علاقائی اور بین الاقوامی معیار کے مطابق کیا جائے۔

وزیراعظم نے کہا کہ بجلی کی بلا تعطل فراہمی اور دیگر سہولیات سے گوادر کی بندرگاہ دنیا کی بہترین بندرگاہ اور مستقبل میں معاشی سرگرمیوں کا مرکز بن جائے گی۔

انٹرنیوز
+ posts
متعلقہ خبریں
- Advertisment -
Google search engine

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں

error: Content is protected !!